بے نظیر قتل کیس، مارک سیگل جرح کیلئے کل ویڈیو لنک پر دستیاب ہونگے، حکومت

راولپنڈی (آن لائن) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج رائے محمد ایوب خان مارتھ نے سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس میں ایف آئی اے کے وکیل کی عدم حاضری کے باعث بنا کسی کارروائی کے سماعت ملتوی کرتے ہوئے کیس کے اہم گواہ امریکی صحافی مارک سیگل کے بیان پر جرح کیلئے فریقین کے وکلا کو کمشنر آفس میں 20 جنوری کو حاٖضر ہونے کی ہدایت کردی۔ گزشتہ روز سماعت کے موقع پر ملزم سابق سی پی او سعود عزیز، سابق ایس پی راول ٹائون خرم شہزاد عدالت میں حاضر ہوئے لیکن ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چوہدری اظہر ایڈووکیٹ ملک رفیق ایڈووکیٹ حاضر نہ ہو سکے۔ عدالت میں وزارت داخلہ نے رپورٹ دی کہ مارک سیگل 20 جنوری کو ساڑھے 6 بجے سفارتخانہ پاکستان واشنگٹن میں وڈیو لنک کے ذریعے وکلاء صفائی کی جرح کیلئے دستیاب ہونگے۔ اس سلسلے میں انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ اس مقدمے میں ملوث سابق صدر پرویز مشرف کے وکلاء صفائی بیرسٹر فروغ نسیم‘ محمد الیاس صدیقی اور فیصل چودھری لابیٹ صحافی اور مقدمے کے اہم گواہ پر جرح کر سکیں گے۔

ای پیپر دی نیشن