لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر )پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ میچون کی ون ڈے سیریز کا تیسرا میچ آج کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح آٹھ بج کر بیس منٹ پر شروع ہوگا۔ سیریز ایک ایک سے برابر ہے ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائم مقام کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف پہلی ہار کے بعد دوسرے میچ میں جارحانہ کھیل کیلئے میدان میں آئے جس کو ہم اگلے میچ میں بھی جاری رکھیں گے۔ٹیم پر پورا اعتماد ہے، ہم بہت اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور گزشتہ دومیچوں میں باؤلرز نے ٹیم کے لیے بہترین کردار ادا کیا ہے۔ہماری باؤلنگ میں کارکردگی کو دہرانے کی صلاحیت ہے۔طویل عرصے تک ٹیم سے باہر رہنے والے فاسٹ باؤلر جنید خان نے دوسرے میچ میں واپسی کرتے ہوئے بہترین باولنگ کا مظاہرہ کیا تھا ۔ بطور ٹیم ہم سمجھتے ہیںجنید خان کسی بھی کنڈیشن میں کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ان کے پاس تجربہ ہے اورانھوں نے پوری دنیا میں کرکٹ کھیلی ہے۔ عامرسے بہت توقعات ہیں۔ہمیں جیت کے یقین کو واپس لانا ہے، ڈریسنگ روم میں مثبت رویہ ہے اس لیے ہمیں یقین ہے ہم یہاں اچھا کھیل سکتے ہیں‘جیت کیلئے میدان میں اتریں گے۔ اچھا کریں گے توہمارے پاس بہت مواقع ہوں گے۔پہلے میچ میں ہار کے بعد میٹنگ ہوئی جہاں پر غلطیوں کی نشاندہی کی گئی اور جارحانہ رویہ لے کر میدان میں اترنے کا منصوبہ بنا جو کام آیا اور اگلے میچ میں بھی اسی کودہرائیں گے۔بطورٹیم مثبت ہیں اور میچ کیلئے بھی پرعزم ہیں۔ہم باؤنس اور پیس کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی ٹیم کے خلاف بہتر کھیل پیش کرسکتے ہیں۔ حتمی ٹیم کافیصلہ وکٹ اور کنڈیشن کو دیکھ کر کریں گے۔کپتانی پر بات کرنا غیرضروری ہے ایسا کچھ نہیں کہ اس کے بارے میں سوچا جائے، ہمارے کپتان اظہرعلی ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ جتنا ممکن ہو جلد واپس آجائے۔