ملتان (نمائندہ نوائے وقت) سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے جلد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ میں وہی آدمی ہوں جسے اسمبلی کے اندر چاروں چیفس نے اٹھ کر سلیوٹ کیا۔ ملتان پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ پاناما لیکس پر عمران خان کو اتنی جلدی قرآن پاک نہیں اٹھانا چاہیے اگر انہیں اپنے اوپر اعتماد ہے کہ وہ سچ بول رہے ہیں تو پھر انہیں قرآن اٹھانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی فوج اور عدلیہ کے خلاف بات نہیں کی جو بات عمران خان سے سنی وہی میڈیا کے سامنے کی، مجھے عمران خان نے کہا کہ سابق چیف جسٹس تصدق جیلانی چلے جائیں گے تو اس کے بعد جو چیف جسٹس آئے گا وہ اسمبلی توڑ دے گا 90دن کے لئے سپریم کورٹ کی حکومت ہو گی پھر الیکشن ہوں گے تو ہم جیتیں گے۔ لسٹیں تیار کریں میں نے کہا اتنی جلدی بندے کہاں سے لائیں جواب ملا کہ کھمبے کو بھی کھڑا کر دیں وہ جیت جائے گا۔ اگر عمران خان اس بیان کا جواب بنی گالہ میں میری موجودگی میں دیں تو وہاں آنے کو تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایک کرپٹ پٹواری سے تین سے چارکروڑ روپے لے کر صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ دیا تو تب میں نے روکا کہ ایسانہ کریں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان نے زکوٰۃ کا شوکت خانم کا پیسہ آف شور کمپنی میں لگایا تو کوئی خان صاحب کا دفاع کرنے کو تیار نہیں تھا۔