اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے گزشتہ روز بنکاک میں تھائی لینڈ کے آنجہانی بادشاہ بھومی بول ادلیادج کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق سرتاج عزیز نے بدھ کو بنکاک میں تھائی لینڈ کے رائل گرینڈ پیلس کا دورہ کیا جہاں تھائی لینڈ حکومت اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے شاہی محل میں مشیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سرتاج عزیز ملایئشیاءمیں اسلامی ملکوں کے وزراءخارجہ کی کانفرنس میں شرکت کیلئے تھائی لینڈ کے راستے ملائشیاءجا رہے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق سرتاج عزیز نے صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اورتھائی لینڈ کے نئے بادشاہ ماہا وجیرا لونگ کورن اور شاہی خاندان کے دیگر ارکان کیساتھ دلی ہمدردی کا اظہا کیا۔ترجمان کے مطابق مشیر خارجہ نے آنجہانی بادشاہ کے اعزاز میں رائل گرینڈ پیلس میں رکھے گئے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے کہا کہ آنجہانی بادشال بھومی بول تھائی عوام کے انتہائی محبوب رہنمائ تھے جس نے اپنی تمام تر توانائیاں عوام کے فلاح و بہبود کیلئے وقف کر رکھی تھیں۔مشیر خارجہ نے کہا کہ آنجہانی بادشاہ کو ہمیشہ پاکستان کے دوست کے طور پر یاد رکھا جائیگا۔پاکستانی عوام کو انکی وفات پر دلی صدمہ پہنچا ہے۔تھائی لینڈ کے بادشاہ بھومی بول ادلیادج 13اکتوبر 1916کو انتقال کر گئے تھے۔