ایف بی آر نے مالی سال 2018-19ء کیلئے تمام شراکت داروں سے کسٹمز سے متعلق بجٹ تجاویز طلب کر لیں

Jan 19, 2018

اسلام آباد (این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) نے آئندہ مالی سال 2018-19ء کے لئے تمام شراکت داروں سے کسٹمز سے متعلق بجٹ تجاویز طلب کر لیں۔ یہ تجاویز 31جنوری تک ایف بی آر تو پیش کی جاسکیں گی۔ ایف بی آر حکام کے مطابق آئندہ مالی سال کے لئے کسٹمز سے متعلق تجاویز کی تیاری کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ کسٹمز بجٹ سیکشن نے متعلقہ شراکت داروں سے 31 جنوری 2018ء تک بجٹ تجاویز طلب کی ہیں تاکہ انہیں نئے مالی سال کے بجٹ سازی کے عمل میں شامل کیاجاسکے۔ ا س سلسلہ میں ایف بی آر نے تین مختلف ایم ایس ایکسل تیار کئے ہیں جس سے تجاویز پیش کرنے میں سہولت ہو گی۔ بجٹ تجاویز دینے کے خواہشمند متعلقہ شراکت دار ای میل ایڈریس customsbudget @ fbr.gov.pk کے ذریعے اپنی تجاویز بھیج سکتے ہیں۔ یہ تجاویز ٹیکس قوانین میں بہتری، ٹیکس کی بنیاد میں وسعت دینے ، جی ڈی پی میں ٹیکس کا حجم بڑھانے اور ٹیکس گزاروں کی سہولیات سے متعلق ہونی چاہیے۔

مزیدخبریں