سول آرمڈ فورسز کیلئے جدید اسلحہ کی خریداری کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرنے کا فیصلہ۔ مغربی سرحدوں پر ایف سی کے باڑ لگانے کا اقدام قابل تعریف ہے۔ سرحدیں محفوظ، دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی نگرانی ہو گی: وزیر داخلہ احسن اقبال
اس وقت خطہ کو درپیش سٹرٹیجک چیلنجوں سے نمٹنے اور ملک میں امن و استحکام کے تحفظ کیلئے سول آرمڈ فورسز کو ہر وقت آپریشنل سطح پر تیار رکھنا پڑتا ہے۔ اندرونی و بیرونی خطرات کے پیش نظر سرحدوں اور سی پیک منصوبے کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جس کیلئے آرمڈ فورس کو جدید ہتھیاروں سے مسلح کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ سرحد پر دشمن ملک اور دیگر دہشت گرد گروپ جدید اور خطرناک اسلحہ سے لیس ہیں۔ اندرون ملک بھی یہ وطن دشمن جدید ہتھیار استعمال کرتے ہیں۔ ان سے نمٹنے کیلئے سول آرمڈ فورسز کو بھی جدید اسلحہ سے لیس کرنا ہو گا تاکہ وہ دشمنوں اور دہشت گردوں کو بروقت مسکت جواب دے سکیں۔ آرمڈ فورسز کیلئے اسلحہ کی خریداری میں اگر کوئی رکاوٹ ہے یا سرکاری مشینری آڑے آ رہی ہے تو یہ رکاوٹ دور کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے اس لئے حکومت کو اس فیصلے سے ان فورسز کو جدید اسلحہ کے بروقت حصول میں آسانی ہو گی جس کی بدولت ہماری سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ہمارے شہروں اور دیہات میں بھی امن و امان کی حالت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔