اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اور روس کے مرکزی بینکوں نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس سے دونوں ممالک کے فنانس اور بینکنگ سیکٹرز کے دوطرفہ تعلقات کے استحکام اور وسعت میں مدد ملے گی۔ ماسکو سے موصول ہونے والے بیان کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر طارق باجوہ نے اپنے دورہ روس کے موقع پر روسی فیڈریشن کے مرکزی بینک کی گورنر مسز ایلویرا نیبیولینا کے ہمراہ ایم او یوپر دستخط کئے۔ روس کے مرکزی بینک کے ہیڈآفس میں منعقدہ تقریب کے موقع پر روس میں پاکستانی سفیر قاضی ایم خلیل اللہ اور ٹریڈ منسٹر ناصر حمید بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سٹیٹ بینک کے گورنر طارق باجوہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مرکزی بینکوں کے باہمی تجارت اور بینکنگ سیکٹرز کے رابطوں کے فروغ اور استحکام میں مدد ملے گی۔