اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں+وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹرپرویز رشید نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ تمام اداروں کی ماں ہے، عمران اس پر لعنت بھیج رہے ہیں وہ سٹیج پر اور جبکہ باہر کوئی اورزبان استعمال کرتے ہیں،شیخ رشید نے اپنے تمام ووٹرز کو لعنت دی۔ وہ استعفیٰ کے اعلان کے باوجود استعفیٰ نہ دینے آئے، پارلیمنٹ کو برا بھلا کہنے کا سلسلہ بہت پرانا ہے، زرداری چاہ رہے ہیں کہ کوئی ان کو گود لے لے،نثار سے ذاتی اختلاف نہیں،اختلاف صرف سیاسی بنیاد پر ہمیشہ رہا،ان کی سیاست اسٹیبلشمنٹ سے ہوئی اور میں آمریت کا مقابلہ کرکے سیاست میں آیا، نواز شریف اور بے نظیر بھٹو نے چارٹر آف ڈیمو کریسی پر سائن کیا اور اپنی غلطیوں کا اعتراف کیا ۔نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے۔ پرویز رشید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پردھان منتری نواز شریف ہیں اور وہ ہی رول ماڈل ہیں، تمام پاکستانی قائداعظم کے جمہوری پارلیمانی نظام کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں مگر سینیٹ الیکشن ضرور ہوں گے، نواز شریف نے آئندہ الیکشن میں شہباز شریف کے بطور وزیراعظم امیدوار ہونے کا اعلان کیا ہے اور میں اپنے قائد کے اعلان کو عزت و احترام کا درجہ دیتا ہوں۔ وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران اسمبلی چھوڑ دے ہمیں کیا فرق پڑتا ہے اب عمران پارلیمنٹ آئے تو ان کو جوتے پڑیں گے‘ انہوں نے لوگوں کے مینڈیٹ کی توہین کی ‘ اب پی ٹی آئی والے کس منہ سے پارلیمنٹ آئیں گے‘ پہلے بھی انہوں نے تھوک کر چاٹا ہے اب بھی تھوک کر چاٹیں گے‘ عمران خان نے شاہ محمود قریشی اور خورشید شاہ پر بھی لعنت بھیجی۔ عابد شیر علی نے کہا کہ کل تمام چور ڈاکو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوئے عمران اب کس منہ سے زرداری کے خلاف تقریر کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ شیخ رشید ڈرامہ بازی بہت کرتے ہیں وہ پیشین گوئیاں نہ کریں تو مشہور سیاستدان کیسے کہلائیں گے۔ استعفیٰ سپیکر اسمبلی کو دیا جاتا ہے سڑکوں پر کاغذ لہرا کر استعفے نہیں دیئے جاتے۔وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز نے پاکستان تحریک انصاف پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ ان لوگوں نے پہلے بھی استعفے دیئے پھر ٹی اے ڈی اے کیلئے روتے رہے ٗ عمران کے دعوے کھوکھلے نکلے ‘ لاہور کے عوام نے ان کو طمانچہ مارا ہے۔انہوںنے کہاکہ سچ بولنا ہمارا مشن ہے عمران نے سپریم کورٹ کے سامنے 18 جھوٹ بولے ہیں۔ دوغلی پالیسی نہیں چلے گی۔دانیال عزیز نے کہا کہ کل لاہور میں سیاسی جنازہ دیکھا جو عوام نے پڑھا۔ شام کو جلسہ ہوتا ہے تاکہ بتیاں تیز کرکے میڈیا کے ڈرون کو کرسیاں اور جھنڈے بھی لوگوںکی طرح معلوم ہوں۔ عوام نے ان جماعتوں کی حقیقت سب کے سامنے رکھ دی ہے۔ وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف نے اپنی 3نسلوں کا حساب دے دیا ہے، لیکن کچھ ثابت نہیں ہوا، اقامہ میاں نواز شریف کو ہٹانے کا ایک بہانہ ہے، عمران خان نے لاہور مال روڈ پر جلسے میں پارلیمنٹ اور عوام کی توہین کرتے ہوئے لعنت کا لفظ استعمال کیا، جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی 3نسلوں کا حساب دے دیا ہے، نہ منی لانڈرنگ ثابت ہوئی، نہ ٹیکس چوری ثابت ہوئی،نہ ناجائز اختیارات کا استعمال ثابت ہوا لیکن پوری پارلیمنٹ لعنتی نہیں ہوسکتی، انہوں نے کہا کہ عمران خان پارلیمنٹ پر لعنت بھیج رہے ہیں لیکن پرویز خٹک دل سے لگائے بیٹھے ہیں خیبر پی کے اسمبلی کو، ان کی جان نکل جائے گی اگر کبھی انہیں اسمبلی سے نکلنا پڑ جائے، جو آدمی استعفیٰ دے گا وہ سیاسی خودکشی کرے گا، سینٹ کا الیکشن استعفوں سے رکے گا نہ اسمبلی توڑنے سے رکے گا، سینیٹ الیکشن کا ختم کرنے کی آپشن ختم ہو چکی۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کو کوئی انتشار پھیلا کر کریش نہیں کر سکتا ۔انہوں نے کہا کہ عمران اور زرداری ایک ہی کشتی کے سوار ہیںجبکہ مسلم لیگ (ن )نے ملک کو تباہی کے دلدل سے نکالا ہے اور عوام اس کے ساتھ ہیں ۔احسن اقبال نے کہا کہ 2018 میں 2013 سے بڑی کامیابی حاصل ہو گی۔دریں اثنا وفاقی وزیرداخلہ احسن ا قبال سے سپیکر آزادکشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر نے ملاقات کی، احسن قبال نے کہا پاکستانی عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، انشااللہ مسئلہ کشمیر مسلم لیگ ن کے دور ہی میں حل ہو گا۔اقتدار تک پہنچنے کے لیے شارٹ کٹ کا راستہ ملکوں اور قوموں کی تباہی کاموجب بن سکتا ہے۔