لاہور + شکر گڑھ (وقائع نگار خصوصی + نامہ نگار) لاہور ہائیکورٹ نے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی تفصیلات پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ سماعت پر لوڈشیڈنگ کا شیڈول پیش کریں ورنہ سیکرٹری پاور اینڈ انرجی ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حکومت نے پانچ سالوں میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا مگر لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کی بجائے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ عدالتی حکم کے باوجود تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے جواب داخل نہ کرنے پر عدالت نے سخت اظہار برہمی کیا۔عدالت نے کہا کہ اگر لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی تو شیڈول عدالت میں پیش کر دیا جائے کہ لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی۔آئندہ سماعت تک لوڈشیڈنگ کا شیڈول پیش نہ کیا گیا تو سیکرٹری پاور اینڈ انرجی کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے گا۔عدالت نے کیس کی سماعت غیر ایک ہفتے تک ملتوی کر دی۔ علاوہ ازیں شکرگڑھ سے نامہ نگار کے مطابق غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر شہری بلبلا اٹھے،شیڈول کے خلاف ورزی اور بجلی کی طویل بندش پر احتجاج،اعلی حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ،شہریوں نے بجلی کی طویل بندش پر احتجاج کیا ہے،گزشتہ روز سٹی فیڈر 3 کو شیڈول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقررہ وقت گزر جانے کے باوجود بند رکھا گیا،اسی طرح دیگر فیڈرز پر بھی وقتا فوقتا بجلی کے طویل بریک ڈائوں کو معمول بنا کر وفاقی حکومت کے دعووں کی نفی کی جا رہی ہے،بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل بندش سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی تفصیلات پیش نہ کرنے پر لاہور ہائیکورٹ برہم
Jan 19, 2018