لاہور (نیوزرپورٹر) محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی ہدایت پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال شوکت ورک نے مخیر حضرات کے ساتھ ہسپتال کی زیر تعمیر نو منزلہ عمارت کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال کے تعمیراتی کام کی رفتار بڑھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مخیر حضرات کو بتایا کہ بادامی باغ کے علاقے میں غریب مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ہسپتال کی شدید ضرورت تھی۔ اس امر کو دیکھتے ہوئے ایٹمی سائنسدان محسن پاکستان عبدالقدیر خان سے مشاورت کے بعد اس جگہ کا انتخاب کیا گیا۔ 2013میں ہنگامی بنیادوں پر ہسپتال کی او پی ڈی کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا اور اٹھارہ ماہ کی قلیل مدت میں اسے مکمل کر دیا گیا۔