لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کے آخری میچ سے پہلے بارش ہوگئی ہے،جس کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم انڈور پریکٹس کرنے پر مجبور ہو گئی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح تین بجے شروع ہو گا‘گرین شرٹس کو سیریز میں کلین سویپ سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے ۔ پریکٹس کے لیے گرائونڈ میں موجود ہے ۔ پاکستانی اوپنر فخر زمان کا کہنا ہے کہ آخری میچ جیت کر سیریز چار ایک کرنیکی کوشش کریں گے، تمام کھلاڑی سخت محنت کر رہے ہیں اور مورال بھی اچھا ہے۔ ہم مثبت سوچ رہے ہیں تاکہ آخری میچ میں اچھا کھیل کر جیتیں اور ہم کھیل کے تینوں شعبوں میں اچھے ہیں۔فخر زمان نے کہا کہ نئے گیند پر نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز میں مشکلات ہوئیں جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ہر شعبے میں اچھی ہے، ہر کھلاڑی پرفوکس کرنا پڑتا ہے۔ ٹی20 سیریز کے لئے عمر امین اور احمد شہزاد نے نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کو جوائن کرلیا ہے، اوپنر اظہر علی اور امام الحق آخری ایک روزہ میچ کے بعد پاکستان واپس آجائیں گے۔نیوزی لینڈ پہنچنے والے دونوں پلیئرز کیویز کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لئے منتخب ہوئے ہیں جبکہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مختصر ترین فارمیٹ کے 3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز 22، 25 اور 28 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔عمر امین اور احمد شہزادنے بیسن ریزور گراونڈ ولنگٹن میں قومی ٹیم کے ساتھ پریکٹس میں بھی حصہ لیا۔
ولنگٹن میں بارش قومی ٹیم کی انڈور پریکٹس آج کلین سویپ سے بچنے کا چیلنج درپیش
Jan 19, 2018