معروف اداکار گلاب چانڈیو کراچی میں انتقال کرگئے، چیئرمین سینٹ، راجہ ظفر الحق اداکار عابد علی اور فنکار برادری کا اظہار تعزیت

Jan 19, 2019

کراچی، اسلام آباد لاہور (لیڈی رپورٹر+ صباح نیوز+ کلچرل رپورٹر)سندھی اور اردو سمیت ملک کی دیگر زبانوں کے درجنوں ڈراموں اور فلموں میں لازوال کردار ادا کرنے والے معروف اداکار گلاب چانڈیو بیماری کے باعث انتقال کر گئے۔گلاب چانڈیو نے نواب شاہ کے ایک چھوٹے سے گاؤں شہمیر چانڈیو میں جنوری 1956 کو جنم لیا اور نوجوانی میں ہی اداکاری کی شروعات کی۔گلاب چانڈیو نے نہ صرف سندھی بلکہ اردو اور سرائیکی سمیت بلوچی زبان میں بھی اداکاری کی، علاوہ ازیں انہوں نے ایک درجن سے کم سندھی اور اردو فلموں میں بھی اداکاری کی۔گلاب چانڈیو نے مرحوم شفیع محمد شاہ، صلاح الدین تنیو اور نور محمد لاشاری جیسے لیجنڈ اداکاروں کے ساتھ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔گلاب چانڈیو نے لواحقین میں ایک بیوہ اور پانچ بچے چھوڑے ہیں۔ انکی کی تدفین آبائی گاؤں میں نوابشاہ کے قریب ہوگی۔انکے انتقال پر چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈی والا، سینیٹر شبلی فراز، سینیٹر راجہ ظفر الحق، اداکار عابد علی اور سندھ سمیت ملک بھر کی فنکار برادری نے گلاب چانڈیو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی۔

مزیدخبریں