ورلڈ پرو ہاکی لیگ‘ پاکستان ٹیم کے سکواڈ کا اعلان آج کیا جائے گا

Jan 19, 2019

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) ورلڈ پرو ہاکی لیگ میں شرکت کرنے والی پاکستان ٹیم کے سکواڈ کا اعلان آج کیا جائے گا۔ ٹیم کے انتخاب کے لیے دو روزہ ٹرائلز کا آغاز گذشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور کی پچ نمبر دو پر ہوا۔ چیف سلیکٹر اصلاح الدین صدیقی سمیت سلیکشن کمیٹی کے رکن قاسم خان اور ایسوسی ایٹ سیکرٹری ایاز محمود نے کیمپ میں موجود کھلاڑیوں کی کارکردگی کا پہلے روز بریک بینی سے جائزہ لیا۔ پرو ہاکی لیگ کے لیے کیمپ میں موجود 31 کھلاڑیوں میں سے 18 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ ٹیم میں زیادہ تر نئے کھلاڑیوں کو موقع دیئے جانے کا امکان ہے۔ ٹیم مینجمنٹ نے بھی سلیکشن کمیٹی کے ساتھ ملکر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری اولمپیئن ایاز محمود کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ سے ایک ہی بات کی ہے کہ فٹنس اور پرفارمنس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے۔ پرو ہاکی لیگ پاکستان ہاکی کے روشن مستقبل کے لیے ضروری ہے۔ ماضی میں جن ٹیموں نے لیگ میں حصہ لینے سے معذرت کر لی تھی اب وہ اس کوشش میں ہیں کہ کسی طرح ان کی ٹیم کو بھی اس کا حصہ بنا لیا جائے جن میں بھارت اور ملائیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ سلیکشن کمیٹی جس بھی ٹیم کا انتخاب کرئے گی امید کرتے ہیں کہ پرو لیگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرئے گی۔

مزیدخبریں