اسلام آباد (نامہ نگار) الیکشن کمشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 91 سرگودھا 4 کے 20 پولنگ سٹیشنوں پر دو فروری کو دوبارہ پولنگ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ الیکشن کمشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کمشن نے پولنگ سٹیشن نمبر 261 سے 270 اور 276 سے 280 کے علاوہ 291 سے 295 تک پولنگ سٹیشنوں پر 20 فروری کو دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولنگ کا عمل 8 بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔ اس کے لیے الیکشن کمشن کے ڈائریکٹر پولیٹیکل فنانس علیم شہاب کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر مقرر کیا گیا ہے،اس حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ 20پولنگ اسٹیشنز کے انتخابی مواد رکھنے والے تھیلوں کی سیلیں توڑ کر نئی لگائی گئی ہیں، جس سے خدشہ تھا کہ انتخابی ریکارڈ میں ردوبدل بھی کیا گیا ہوگا،اس حلقے سے کامیاب امیدوار ن لیگ کے ذوالفقار بھٹی یہ معاملہ الیکشن کمشن میں لے آئے۔ الیکشن کمشن نے ذوالفقار بھٹی کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا ہے۔
الیکشن کمشن کا این اے 91 کے 20 پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ ووٹنگ کا حکم
Jan 19, 2019