فیصل آباد (احمد جمال نظامی سے) سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنے آخری روز فیصل آباد ضلع کے 1766 مزدور خاندانوں کو ورکرز ویلفیئر بورڈ میں رکے ہوئے تقریباً 20کروڑ روپے واجب الادا رقم جاری کرا دی۔ اس رقم میں ڈیتھ گرانٹ، میرج گرانٹ اور سکالرشپ کی رقوم شامل تھیں۔ پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ نے گزشتہ کئی سالوں سے کروڑوں روپے کی رقم روکی ہوئی تھی۔ تقریباً چار سال سے مزدور اپنی اس رقم کو حاصل کرنے کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے تھے تاہم گزشتہ روز سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنی ریٹائرمنٹ سے پہلے فیصل آباد کے 280مزدوروں کے گھرانوں کو ڈیتھ گرانٹ کی مد میں 13کروڑ 92لاکھ، 518 مزدور خاندانوں کو میرج گرانٹ کی مد میں 5کروڑ 18لاکھ اور 968مزدور خاندانوں کو سکالرشپ کی مد میں 2کروڑ 90لاکھ 40ہزار کی رقم جاری کرنے کا حکم دیا۔ جس پر لیبر ڈائریکٹر ملک منور اعوان نے لیبر قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما بابا لطیف انصاری کے ہمراہ مزدور خاندانوں کو چیک تقسیم کر دیئے ہیں۔ واضح رہے کہ سابقہ پنجاب حکومت نے فیصل آباد ضلع کے 1766مزدور خاندانوں کی 20کروڑ کے لگ بھگ ورکرز ویلفیئر بورڈ پنجاب کی رقم مختلف کاموں پر صرف کرنی شروع کر رکھی تھی جس سے مزدور دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور تھے۔