چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے حلف اٹھا لیا

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+سپیشل رپورٹ+ ایجنسیاں) جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پاکستان کے 26ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف اٹھالیا۔ حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس آصف کھوسہ سے حلف لیا۔ تقریب میں وزیر اعظم عمران خان، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، گورنرز، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ، نیوی و فضائیہ کے سربراہوں، وفاقی وزرائ، مشیروں اور اہم عہدوں پر تعینات دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ حلف اٹھانے کے بعد چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے صدر مملکت داکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے مصافحہ بھی کیا۔ تقریب کے آغاز پر قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔ صدر نے چیف جسٹس سے انگریزی زبان میں حلف لیا۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کو سپریم جوڈیشل کونسل اور ججز جوڈیشل کمشن کو نیا سربراہ مقرر کردیا گیا، نئی ترتیب کے مطابق جسٹس گلزار احمد اور جسٹس شیخ عظمت سعید سپریم جوڈیشل کونسل کے ممبر ہیں جبکہ ججزتقرری جوڈیشل کمشن میں جسٹس عمر عطا بندیال کو شامل کیا گیا ہے جبکہ جوڈیشل کمیشن میں جسٹس گلزار احمد، جسٹس عظمت سعید اور جسٹس مشیر عالم بطور ممبر شامل ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کو سپریم کورٹ میں پہلے روز گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، پہلے ہی روز تین مقدمات کی سماعت کر کے عدالتی کارروائی ختم کر دی، بنچ میں شامل مہانوں اور عدالت میں بیٹھے لوگوں کا شکریہ اداکیا۔ کہا امید ہے آپ کا ویک اینڈ اچھا گزرے گا۔ پہلے روز کمرہ عدالت میں بنچ کے ہمراہ غیر ملکی ججز بھی موجود تھے۔ اٹارنی جنرل انور منصور خان نے روسٹرم پر آکر چیف جسٹس کو خوش آمدید کہا۔ عدالت نے چیک ڈس آنر کے مقدمہ میں ملزم خالد محمود کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ تیسرے مقدمے میں عدالت نے ضمانت منسوخی کیس میں قاسم جان کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔ چیف جسٹس نے اپنے چیمبر میں مختلف مہمانوں سے مبارکبادیں وصول کیں اور ساتھی ججز کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں غیرملکی مہمان سمیت سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بھی شریک ہوئے۔ چیف جسٹس کے گھر کے باہر مبارک باد پیش کرنے والوں کا بھی رش لگا رہا جس کے باعث چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے گھر کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...