اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی و داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک کو کامیڈی تھیٹر بنا دیا ہے۔ وزراء کام کرنے کی بجائے طعنہ زنی کر رہے ہیں۔اناڑیوں نے ملکی معیشت گرداب میں ڈال دی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں وکشمیر ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عوام پر ٹیکسوں کے اضافی بوجھ کی بھرپور مخالفت کریں گے۔ عوام پہلے ہی موجودہ حکومت کے نافذ کردہ ٹیکسوں ، بجلی، گیس اور دیگر اشیائ کی قیمتوں میں اضافے کے بوجھ تلے دب چکے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت چین پاکستان اقتصادی راہدری (سی پیک) منصوبے کے خلاف عالمی سازش کا نشانہ بنی۔ نواز شریف کو انتقامی ایجنڈے کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ گوادر تا گلگت عوام نواز شریف کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) ملک کی مادر جماعت ہے۔ پاکستان کے مستقبل اور ترقی کی حفاظت اس کا فرض ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ہماری حکومت کی مدت میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے۔ نوازشریف نے عوام کو ریلیف دیا اور ان کے اعتماد کو بحال کیا۔ ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو اعتماد ملا۔ ملک کودہشت گردی، لوڈشیڈنگ سے نجات ملی۔ عوام کو بجلی اور گیس کی قلت کی وجہ سے دن رات کی اذیت اور قطاروں سے نجات حاصل ہوئی۔ احسن اقبال نے کہاکہ 2019 مسلم لیگ (ن) کی تنظیم سازی کا سال ہے۔ مارچ سے ملک گیر پارٹی رکنیت سازی مہم شروع کی جائیگی۔ نوجوانوں اور خواتین کی تنظیم سازی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ہمارے دور میں نوجوانوں کی تعلیم، انہیں مختلف شعبہ جات میں اعلی تعلیم کے مواقع اور لیپ ٹاپ فراہم کئے گئے، خواتین اور نوجوانوں کے لئے روزگار سکیمیں شروع کی گئیں، انہیں کاروبار کے لئے وسائل کی فراہمی کے اقدامات کئے گئے۔ مستقبل میں بھی ان کی ترقی اور بہتری کے لئے کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آئین کی سربلندی، جمہوری حقوق کا احترام اورعوام کی خوشحالی مسلم لیگ (ن) کی پہچان اور نصب العین ہے۔
اناڑیوں نے ملکی معیشت گرداب میں ڈال دی ،احسن اقبال
Jan 19, 2019