نیویارک (این این آئی)ٹینس کی معروف کھلاڑی ماریہ شراپوا نے آسٹریلیا اوپن 2019 دفاعی چمپئن کیرولین ووزنیاکی کو ناک آؤٹ کردیا۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ایک ماہ قبل چین میں ایک ٹورنامنٹ کے دوران ماریہ شراپوا کی ٹانگ شدید زخمی ہوئی تھی جس کے بعد ان کی سال کی پہلی بڑی کامیابی غیر متوقع تھی تاہم 5 مرتبہ چمپئن کا اعزاز حاصل کرنے والی ماریہ شراپوا نے یہ ثابت کردیا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔انہوں نے 2 گھنٹے 24 منٹ تک کھیلے گئے میچ میں مد مقابل کیرولین ووزنیاکی کو 3-6 ،6-4 ،4-6 سے شکست دی، جس کے بعد وہ میچ کے چوتھے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔کیرولین ووزنیاکی نے میچ کے پہلے سیٹ میں 1-4 سے آگے رہیں جس کے بعد ماریہ شراپوا نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ماریہ شراپوا نے کہا کہ میں نے سوچا تھا کہ یہ مرحلہ مشکل ہے، میں جانتی تھی کہ سخت مقابلہ ہوگا۔ڈینش کھلاڑی کیرولین، جو گزشتہ برس میلبورن میں جیتے گئے رینکنگ پوائنٹس کا دفاع کررہی تھیں، شکست کے نتیجے میں ان کی رینکنگ نیچے آگئی ہے۔خیال رہے کہ ڈوپنگ بین کے بعد کھیل میں واپسی کے بعد ماریہ شراپوا گزشتہ برس فرنچ اوپن کے کوارٹر فائنل میں بہترین کارکردگی کے علاوہ زیادہ اچھا کھیل پیش نہیں کر سکی تھیں تاہم کیرولین کے خلاف کھیلے گئے میچ میں انہوں نے ثابت کیا کہ وہ اب بھی اچھا کھیل پیش کرکے دنیا کی بہترین کھلاڑیوں کے لیے مشکلات پیدا کرسکتی ہیں۔اس سے قبل 2017 یو ایس اوپن میں انہوں نے اس وقت دنیائے ٹینس کی دوسری بہترین کھلاڑی سیمونا ہالیپ کو شکست دی تھی۔