وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا ہے کہ میانوالی جس طرح میرے قائد کا شہر ہے اسی طرح میرا بھی شہر ہے۔میانوالی کو ایک ماڈل ضلع بنائیں گے۔ مسلم لیگ(ق ) کے استعفیٰ دینے والے صوبائی وزیر ہمارے بھائی ہیں چھوٹی موٹی باتیں چلتی رہتی ہیں کوئی مسئلہ نہیں ہے میڈیا والے پریشان نہ ہوں۔ میانوالی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جرائم کی شرح بڑھی نہیں تاہم واقعات کی رجسٹریشن کی شرح بڑھ گئی ہے پہلے رجسٹر ہی نہیں کرتے تھے اور اب لوگوں کو جرائم کی رپورٹ کرنے میں کوئی مشکل نہیں اس لیے لگتا ہے جرائم کی شرح بڑ ھ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کی آئی جی پنجاب پولیس میرے ساتھ ہیں اور ہم نے صورتحال پر غور کیا ہے پولیس کو جس چیز کی بھی ضرورت ہے وہ پوری کریں گے اور کسی چیز کی کمی نہیں آنے دیں گے۔ ساہیوال میں سی ٹی ڈی کی کاروائی میں دو خواتین سمیت چار افراد کی ہلاکت کے حوالہ سے پوچھے گئے سوال پرعثمان بزدار کا کہنا تھا کہ میں نے ان سے ساری باتیں کر لی ہیں۔ ایک سوال پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ میانوالی اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں موجود اسکولوں اور کالجوں میں اسٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لیے خصوصی مراعات دیں گے اور ان علاقوں میں اسٹاف کی کمی کو ہر صورت دور کریں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ یہاں ہسپتال میں ایم آر آئی مشین نہیں ہے اس کی فرہمی کے حوالہ سے فوری طور پر ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت اور تعلیم کے تمام منصوبے شفاف طریقہ سے چل رہے ہیں اور پانی، سیوریج اور دیگر منصوبوں میں جہاں ، جہاں فنڈز کی کمی ہے وہ فراہم کر رہے ہیں۔ ZS