مریم نواز نے کہا ہے کہ والد میاں نواز شریف کی صحت سے متعلق ابھی تک ہمیں اندھیرے میں رکھا گیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ حکومت کے تشکیل کردہ میڈیکل بورڈ نے 16 جنوری کو میاں نواز شریف کا معائنہ کیا تھا اور میڈیا کے ذریعے طبی معائنے کی رپورٹ ہم تک پہنچیں جو کہ تشویش ناک صورتحال کا اشارہ دیتی ہیں، ہم ابھی تکنواز شریف کی صحت کے حوالے سے لاعلم ہیں اور آفیشل رپورٹس کے تاحال منتظر ہیں۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ایک بار پھر نواز شریف کی صحت کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیکل بورڈ نے 16 جنوری کو نواز شریف کا طبی معائنہ کیا لیکن تین روز گزر جانے کے باوجود میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر ذاتی معالج اور خاندان کے افراد کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
واضح رہے کہ 16 جنوری کو پی آئی سی کے میڈیکل بورڈ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کوٹ لکھپت جیل میں تفصیلی معائنہ کیا تھا جس میں نواز شریف کی انجیو کارڈیو گرافی، اسٹریس تھیلئم اسکین کروانے کا مشورہ دیا تھا۔