اسلام آباد(نیوزرپورٹر) سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چئیرمین سینیٹر رحمان ملک نے رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈہ کا سخت نوٹس لے لیا۔ ہفتہ کو ان کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سینیٹر رحمان ملک نے ایف آئی اے و پی ٹی اے کو نفیسہ شاہ سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کیخلاف کاروائی کے احکامات جاری کئے ہیں۔انہوں نے ایف آئی اے و پی ٹی اے کو ہدایت کی کہ وہ کردار کشی مہم میں ملوث سوشل میڈیا اکانٹس چلانے والوں کا سراغ لگائیں۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ ایسی من گھڑت افواہیں پھیلانے والوں کیخلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کاروائی کی جائے۔ انہوں نے ڈی جی ایف آئی اے اور پی ٹی اے کو ہدایت کی کہ نفیسہ شاہ کیخلاف منفی پروپیگنڈہ پر کمیٹی کو 5 دن میں رپورٹ پیش کی جائے۔