لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی۔ 90 شاہراہ قائد اعظم پر ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، سیاسی صورتحال اور ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تنقید برائے تنقید کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں اورایسے عناصر محض ذاتی مفادات کے ایجنڈے کو لیکر چل رہے ہیں لیکن ہمارا مقصد عوام کو ریلیف دینا اور ان کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہرضروری اقدام اٹھایا ہے۔گندم کا سرکاری کوٹہ اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے والی فلور ملوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے ۔آٹے کی قیمت میں اضافہ کسی صورت قابل قبول نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے حقوق کا نگہبان ہوں ،کسی کو عوام کے مفادات پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دوںگا۔ پنجاب حکومت کے موثر اقدامات سے صوبہ بھر میں آٹامقرر کردہ قیمت پر وافر دستیاب ہے ۔ فرائض سے غفلت برتنے پر محکمہ خوراک کے افسران کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لئے ضروری انتظامی اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔ چکی مالکان کوبھی آٹے کی قیمت میں اضافے کی اجازت نہیں دیںگے۔آٹے کی قیمت میں بلاجواز اضافہ کرنیوالوں کیخلاف قانون اپنا راستہ خود لے رہا ہے ۔ پنجاب میں اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں ۔ صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے آٹے کی مقرر قیمت پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے بروقت اقدامات کیے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے موثر اقدامات پر پنجاب حکومت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبے کو بہترین انداز سے چلا رہے ہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف کی ٹیم وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے صوبے کے عوام کی خدمت کیلئے شاندار اقدامات کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے مختصر عرصے میںریکارڈ قانون سازی کر کے بے مثال کام کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن کا بیانیہ بری طرح بے نقاب ہوچکا ہے اورسیاسی یتیم پاکستان کی سیاست سے آؤٹ ہوچکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان صرف دیانتداری اورایمانداری کی سیاست ہوگی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے تحت مستحق فنکاروں میں مالی امداد کے چیک تقسیم کئے۔90شاہراہ قائداعظم پر منعقدہ تقریب کے دوران وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اداکارہ ہما ڈار، گلوکار ظہور احمد الیاس (سائیں ظہور)، اداکار محمد جاویدکوڈو اور اداکار ناصر شیرازی کو مالی امداد کے چیک دیئے۔ وزیراعلیٰ نے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ میں مزید اضافے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اس فنڈ کو مزید بڑھایا جائے گا اور آرٹسٹ سپورٹ فنڈ میں اضافہ آئندہ مالی سال سے کیا جائے گا۔
صوبے بھر میں آٹا مقررہ قیمت پر وافر دستیاب، چکی مالکان کو نرخ بڑھانے کی اجازت نہیں دینگے: عثمان بزدار
Jan 19, 2020