راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)مسئلہ کشمیر قیام پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، اگربھارت مقبوضہ کشمیر میں استصواب رائے کیلئے عوام کو ان کا حق نہیں دیتا تو یو این او کشمیری راہنمائوں کو اجازت دے کہ وہ تبت یا یورپ میں جلا وطن حکومت قائم کریں۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے جناح اقبال سائوتھ ایشین فورم کے زیر اہتمام ’’کشمیر لاک ڈائون اور جناح کا ویژن ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ محفل مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے چین کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں دئیے گئے بیان پر چینی حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کئی عشروں سے اپنے بنیادی انسانی حقوق سے محروم کشمیرکے مظلوم عوام کو اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ سیمینار کے مہمان خصوصی عالمی بینک کے سابق سنئیر اکنامک ایڈوائزر فتح محمد چوہدری تھے جبکہ صدارت چئیرمین فورم رانا عبدالباقی نے کی۔ کام سیٹ یونیورسٹی اسلام آباد کی پروفیسر عقیلہ آصف ، ڈاکٹر صباحت سجاد ، ارسلان اکبر عباسی سمیت دیگر مقررین نے موضوع پر اظہار خیال کیا ۔ مہمان خصوصی فتح ایم چوہدری نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے نہ صرف اقبال کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا بلکہ دنیا پر واضح کیا کہ مسلمان ہر اعتبار سے ایک الگ قوم ہیں ۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو قیام پاکستان کا نا مکمل ایجنڈہے چئیرمین جناح اقبال سائوتھ ایشین پلس فورم رانا عبدالباقی نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے چینی حکومت کے موقف کر سراہا ۔پروفیسر عقیلہ آصف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر امن طریقے سے حل کرنا ہی دنیا کے مفاد میں ہے ۔ بعد ازاں مہمان خصوصی فتح ایم چوہدری ، رانا عبدالباقی اور پروفیسر عقیلہ آصف نے پرفارم کرنے والے بچوں کو انعامات دئیے ۔ انہوں نے مستحق اور غریب خاندانوں میں جناح اقبال سائوتھ ایشین پلس فورم کی جانب سے گرم لحاف بھی تقسیم کئے۔