لیجنڈ گلوکارہ مہناز کی اتوار کے روز ساتویں برسی منائی گئی۔ چار دہائیوں تک آواز کا جادو جگانے والی گلوکارہ مہناز بیگم سن 1955 میں کراچی میں پیدا ہوئیں۔ مہناز کا اصل نام کنیز رضا تھا وہ برصغیر کی معروف مغنیہ اور سوز خواں کجن بیگم کی صاحب زادی تھیں اسی لیے انھیں بچپن ہی سے گلوکاری سے لگا پیدا ہوگیا تھا۔ مہناز نے سرسید گرلز کالج سے بی اے کیا،سن 1972 میں باقاعدہ طور پر فن موسیقی میں قدم رکھا، ٹیلی وژن پر گائیکی کے بعد ان کی شہرت فلم اسکرین تک جاپہنچی۔ مہناز نے آنے والے برسوں میں ریڈیو، ٹی وی اور فلم میں اپنی مسحورکن آواز سے لاتعداد گیتوں کو پہچان دی۔ مہناز نے مجموعی طور پر 1500 سے زائد گانے ریکارڈ کروائے، مہناز اس حوالے سے بھی خوش قسمت تھی کہ ا بتدا میں ہی انھیں معروف موسیقار نثار بزمی، روبن گھوش،سہیل رانا، وجاہت عطرے سمیت دیگر نامور موسیقاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ مہناز بیگم طویل عرصے سے علیل تھیں 19جنوری 2013 کو امریکا سفر کے دوران راستے میں ہی ان کی حالت بگڑگئی انھیں بحرین کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ اپنے خالق حقیقی سے جاملیں۔