امریکی ریاستوں میں برفانی طوفان، خون جما دینے والی سردی اور ٹھنڈی ہواﺅں کے باعث روزمرہ زندگی مفلوج ہوگئی ہے۔ امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ کی وسط مغربی اور شمالی ریاستوں ایریزونا ، نیو میکسیکو ، نیواڈا ، کولوراڈو اور یوٹاہ میں جاری برفانی طوفان سے خون جما دینے والی سردی اور ٹھنڈی ہواﺅں کے باعث معمولات زند گی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق برفانی طوفان سے ایک کروڑ سے زیادہ افراد متاثر ہو گئے ہیں۔ برفانی طوفان کے باعث لاکھوں مکانات اور شاہراہیں برف سے ڈھک گئی ہیں جس کے باعث بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے ۔ برف باری سے ریلوے ٹریک اور ایئر پورٹس بھی شدید متاثر ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ریل اور پروازوں کے شیڈول بھی تبدیل کر دیئے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں سڑکوں پر سے برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔