لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) ٹپال ٹی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان ایک سالہ معاہدہ طے پاگیا ہے۔ معاہدے کے مطابق ٹپال چائے کو آئندہ ایک سال میں شیڈول تمام ہوم سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا آفیشل ٹی پارٹنر مقرر کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے دونوں فریقین نے معاہدے پر دستخط بھی کردئیے ہیں۔ایک سالہ معاہدے پر دستخط کے لیے تقریب نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہوئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کمرشلز بابرحامد اور ٹپال ٹی کے چیف سیلز آفیسر انور نبی ڈار نے معاہدے پر دستخط کیے۔یہ معاہدہ جنوری 2021 سے جنوری 2022 تک جاری رہے گا۔ اس دوران پاکستان کو جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کی میزبانی کرنی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کمرشلز بابرحامد نے کہا کہ خوشی ہے کہ اس نئے معاہدے سے پی سی بی اور ٹپال ٹی کے درمیان قائم تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ بابر حامد کا کہنا ہے کہ کرکٹ پاکستانی عوام کا ہر دلعزیز کھیل ہے اور اس کی سپانسر شپ سے کئی معروف برانڈز کو پراڈکٹ کی تشہیر میں مدد ملتی ہے۔