معاشی و سماجی ترقی میں خواتین کاکردار اہم  ہے،انعم فاطمہ 

کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان بزنس کونسل ( پی بی سی ) کے ماتحت پروگرام سینٹر آف ایکسی لینس ان ریسپانسی ایبل بزنس ( سی ای آربی) نے انڈس موٹر کمپنی ( آئی ایم سی ) کے اشتراک سے قومی ورکنگ ویمن ڈے کے حوالے سے ایک ویبنار کا انعقاد کیا ہے۔ویبنا ر نے کام  کے سازگار ماحول اور معاشی ترقی کے حوالے سے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف ایس ڈی جی۔8 پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ملک کی معاشی و سماجی ترقی میں خواتین کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔  پی بی سی کی طرف سے اس کے سی ای آر بی لیڈرشپ پروگرام کے تحت ایس ڈی جی۔8 کیلئے صنعتی لیڈر کے طور پر آئی ایم سی کے قائدانہ کردار کو تسلیم کیا گیا ہے۔ آئی ایم سی سے انعم فاطمہ ، ایچ بی ایل سے نیلوفر حمید اور ملیحہ حسین مہر گڑھ سے پینلسٹ میں شامل تھیں جنہوں نے اپنے اپنے اداروں میں ’’ ڈیسنٹ ورک‘‘ سے متعلق بہترین طریقوں اور اپنے تجربات کا تبادلہ کیا۔ ویبنار میںکام کی جگہ کی پائیدار ی اور تحفظ، کام کا محفوظ ماحول( ہراسگی سے پاک ، پیشہ ورانہ اور کورونا سیفٹی ) کام اور خاندان کے درمیان توازن، مساوی مواقع اور سلوک اور خواتین ملازمین کیلئے سہولیات جیسے موضوعات زیر بحث آئے۔ سی ای او انڈس موٹر کمپنی علی اصغر جمالی نے کہا کہ  پاکستان کی آبادی کا 49 فیصد خواتین پر مشتمل ہے  اور پاکستان میں خواتین پر مشتمل افرادی قوت میں مستقبل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے یہ ضروری ہے کہ اعلیٰ انتظامی عہدوں پر خواتین کی تعیناتی کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ برقرار رکھا جائے اور کمپنی میں مناسب پالیسیوں ، طریقہ کاروں اور نظام کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ خواتین آئی ایم سی کے ساتھ کام کرنے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔ 

ای پیپر دی نیشن