مسلسل بہتر کارکردگی کے بعد افواجِ پاکستان دنیا کی دس بہترین افواج میں شامل ہو گئی ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور فوج کا ہر جوان اس کامیابی پر مبارکباد کا مستحق یے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بڑے بڑے دعوے کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ وہ بڑی بڑی باتوں کے بجائے مختصر اور جامع گفتگو کرنے کے عادی ہیں۔ ان کی باجوہ ڈاکٹرائن پر خاصی تنقید ہوتی رہی ہے لیکن آج دنیا ان کی صلاحیتوں اور کامیابیوں کا اعتراف کر رہی ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں آپریشن ردالفساد نے دہشت گردوں کی کمر بھی توڑی ہے۔ ملک میں بدامنی پھیلانے، امن و امان کے دشمنوں اور بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر کام کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنایا ہے۔ اس آپریشن کی بدولت آج ملک میں امن و امان کے حالات مثالی ہیں۔ بیرونی دنیا کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔ غیر ملکی ٹیمیں یہاں آ کر کھیل رہی ہیں اور پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک مرتبہ پھر تیزی سے ایک پرامن ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔ دنیا کی دس بہترین افواج میں شامل ہونا ہر پاکستانی کے لیے باعث فخر ہے۔ افواجِ پاکستان نے یہ اعزاز مسلسل محنت، پیشہ وارانہ مہارت، خطرات کا مقابلہ کرنے کی اہلیت، اہداف کو حاصل کرنے کی صلاحیت، بہترین کارکردگی اور میرٹ کی بنیاد پر حاصل کیا ہے۔ دنیا کی دس بہترین افواج میں شمولیت معمولی بات نہیں ہے۔ پاکستان نے یہ اعزاز ایک ایسے وقت میں حاصل کیا ہے جب ملک کو اندرونی و بیرونی طور پر بے پناہ مسائل کا سامنا ہے۔ پاکستان کے ہر طرف دشمن بیٹھے ہیں۔ سرحدوں پر مسائل ہیں، نئے عالمی بلاک بن رہے، طاقت کا توازن بدلتا دکھائی دیتا ہے، دہائیوں سے قائم سفارتی تعلقات بدل رہے ہیں، ملک کو معاشی طور پر مسائل کا سامنا ہے، کرونا وائرس کی وجہ سے مسائل میں اضافہ ہوا ہے لیکن بہترین صلاحیتوں کی حامل پاکستانی فوج نے اس مشکل وقت کے دوران بھی شاندار کارکردگی کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
فوج چوبیس گھنٹے ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے، اندرونی دشمنوں کا صفایا کرنے اور بیرونی دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے میں مصروف عمل ہے۔ اس مقصد میں ہمارے فوجی جوان برفیلے پہاڑوں پر موسموں کا مقابلہ کرتے ہوئے دن رات مادر وطن کا دفاع کرنے کے لیے ہر وقت مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے دلیری سے سبز ہلالی پرچم کو سربلند رکھتے ہیں۔ فوجی جوان سرحدوں پر دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔ فوجی جوان جان ہتھیلی پر رکھے ہوئے ہیں انہیں موت کا خوف ہوتا ہے نہ دشمن کی بڑی فوج اور جدید ہتھیاروں کا ڈر ہوتا ہے وہ مادر وطن کی حفاظت کے عظیم مقصد سے ایک لمحہ بھی غافل نہیں ہوتے۔ ہمارے فوجی جوان ہر وقت دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر خطرات کا مقابلہ کرتے ہیں۔ فوجی جوان دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے قیمتی جان کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔ ہمارے فوجی جوان اپنا آرام قربان کرتے ہیں تو ہم سکون کی نیند سوتے ہیں۔ ہماری فوج اپنا آج ہمارے بہتر کل کے لیے قربان کر رہی ہے۔ فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کا اندازہ لگانے کے لیے یہ نئی درجہ بندی ہی کافی ہے کیونکہ ہر طرف سے دشمنوں میں گھرے ہوئے، معاشی مسائل سے دوچار اور وسائل کی کمی کے شکار ملک کی فوج عالمی سطح پر مسلسل ترقی کر رہی ہے۔ وسائل کے اعتبار سے دنیا کی بہترین افواج کے ساتھ موازنہ کیا جائے تو شاید یہ دو تین فیصد سے زیادہ نہیں ہو گا لیکن اس کے باوجود افواج پاکستان نے مسلسل محنت، پیشہ وارانہ مہارت، جوش و جذبے، لگن اور مادر وطن کے دفاع میں دن رات ایک کرتے ہوئے عالمی سطح پر بھی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ مضبوط فوج ہی محفوظ ملک کی ضمانت ہے۔ دشمن ہر وقت پاکستان کو نقصان پہنچانے کے منصوبے بناتا رہتا ہے۔ ان حالات میں فوج کے پاس آرام کا کوئی وقت نہیں ہے انہوں نے ہر قسم کے حالات میں دفاع وطن کو یقینی بنانا ہے۔ خوشی کی بات ہے کہ ملکی دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، خوشی کی بات ہے کہ فوج ناصرف اپنی ذمہ داریاں عمدہ و احسن انداز میں نبھا رہی ہے بلکہ وہ دنیا کا مقابلہ بھی کر رہی ہے۔ حالیہ ددجہ بندی ہر پاکستانی کے لیے باعث اطمینان ہے کہ مشکل حالات کے باوجود ملکی دفاع پر کسی قسم کے سمجھوتے کے بجائے ہماری دفاعی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان دنیا کی افواج میں اپنی شناخت کو بہتر کرتے ہوئے ترقی کی طرف سفر کر رہا ہے۔ آئی ایس آئی کا شمار بھی دنیا کے بہترین اور قابل حساس اداروں میں ہوتا ہے۔ ہم اپنی اس ایجنسی کے کردار کو نظر انداز نہیں کر سکتے۔ ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید بھی مبارکباد کے مستحق ہیں انہوں نے بہترین انداز میں خدمات انجام دی ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا شمار قابل افسران میں ہوتا ہے وہ گھما پھرا کر بات کرنے کے بجائے واضح اور دو ٹوک بات کرتے ہیں۔ ایشوز پر فوکس رہتے ہیں اور غیر ضروری بیانات سے گریز کرتے ہیں۔ دلائل اور منطقی گفتگو کرتے ہوئے فوج کا نقطہ نظر، فوج کی کامیابیاں اور فوج کے کردار کو دنیا کے سامنے پیش کرتے ہیں۔ ثبوت و شواہد کے ساتھ پاکستان کے دشمنوں کی سازشوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرتے ہیں۔
کاش کہ ہمارے سیاستدان بھی فوج کی اس کارکردگی، پیشہ وارانہ مہارت، انتھک محنت، مقصد سے محبت اور دنیا پر اپنی دھاک بٹھانے کے جذبے سے کچھ سیکھیں۔ وہ ہر وقت فوج کو سیاسی معاملات میں ملوث کرتے رہتے ہیں اس کے باوجود کہ اندرونی سطح پر فوج کو مختلف معاملات میں الجھانے کی کوشش کی جاتی ہے فوج غیر جانبدار رہتے ہوئے اپنا کام کر رہی ہے۔ ان حالات میں جب ہر طرف سے مسائل نے گھیرا ہو اہے فوج نے ثابت کیا ہے کہ مقصد کے ساتھ سچی لگن ہو تو کامیابی سے کوئی نہیں روک سکتا۔ اگر ہماری فوج مشکلات کے باوجود کامیابیاں حاصل کر سکتی ہے تو دیگر اداروں کو بھی اس سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔ مسائل اور وسائل کی کمی کا رونا رونے کے بجائے وسائل پیدا کرنے اور مسائل کم کرنے کے لیے کام کیا جائے تو مشکلات میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔ ہمارے سیاستدانوں کے لیے بھی ایک سبق ہے کہ وہ متحد ہو کر ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے کام کریں تو پاکستان صرف دفاع ہی نہیں ہر شعبے میں ترقی کر سکتا ہے۔ افواجِ پاکستان کی منزل درجہ بندی میں دسواں نمبر ہرگز نہیں ہے یہ فوج دنیا کی بہترین فوج بنے گی۔ ہم اپنی فوج کو ہر سطح پر سپورٹ کریں گے ہم انہیں وسائل مہیا کریں گے تاکہ وہ ملکی دفاع کو مزید مضبوط بنانے اور دشمنوں کو بے بس کرنے کے لیے کام کرتی رہے۔ سیاسی رہنماؤں کو سوچنا ہو گا کہ انہوں نے مکی دفاع کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کو کیسے مضبوط بنانا ہے یہ ملک ہم سب کا ہے اس ملک کے تمام شعبوں اس ملک کے تمام اداروں کو ترقی کی طرف لے کر جانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ افواجِ پاکستان کی طرف سے اگر نئے معیار مقرر کیے جا رہے ہیں تو ہمیں ان سے اچھی چیزیں سیکھتے ہوئے دیگر شعبوں میں بھی ایسے تجربات کرنے چاہئیں تاکہ ملک حقیقی معنوں میں ترقی کر سکے اور عام آدمی کی زندگی آسان ہو سکے۔ پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہم اس کے دفاع کے لیے ہر قربانی کے لیے تیار ہیں۔ اللہ اس ملک کو تاقیامت قائم و دائم رکھے، اس ملک کو اسلام کا قلعہ بنائے، اس ملک کو عالم اسلام کی خدمت کرنے کی توفیق عطاء فرمائے، اس ملک کو عالم اسلام کی رہنمائی کی توفیق عطاء فرمائے، اس ملک کو دنیا میں اسلام کا جھنڈا لہرانے کی توفیق عطاء فرمائے۔ آمین
پاکستان زندہ باد