اسلام آباد، لاہور(خصوصی نمائندہ+نیوز زپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں کرونا وائرس کے باعث بند تعلیمی ادارے تقریباً 2 ماہ بعد کھول دیے گئے۔ ملک میں کرونا سے ایک ہزار 920 نئے کیسز، متاثریںکی تعداد 5 لاکھ 21 ہزار 211 ہوگئی جبکہ 46 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ اموات کی تعداد 10 ہزار 997 تک پہنچ گئی۔ ایک ہزار 589 لوگ شفایاب، مجموعی تعداد 91.2 فیصد کے ساتھ 4 لاکھ 75 ہزار 228ہوگئی۔ ملک میں فعال کیسز کی تعداد 34 ہزار 986 رہ گئی۔ صوبہ سندھ میں مزید 922 کیسز کا اضافہ، متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 35 ہزار 576 تک پہنچ گئی۔ مزید 18 مریضوں کا انتقال، مجموعی تعداد 3 ہزار 793 تک پہنچ گئی۔ صوبہ پنجاب میں 560 نئے کیسز، متاثرین ایک لاکھ 49 ہزار 782 ہوگئے۔ مزید 23 مریض لقمہ اجل بنے، اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 432 ہوگئی۔ صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 276 افراد متاثر، متاثرین کی تعداد 63 ہزار 615 ہوگئی۔ مزید 4 مریضوں کا انتقال، تعداد ایک ہزار 783 پر جا پہنچی۔ صوبہ بلوچستان میں 43 کیسز رپورٹ، مجموعی کیسز 18 ہزار 612 ہوگئے۔ اموات 190پر برقرار ہیں۔ اسلام آباد میں مزید 92 کیسز، متاثرہ افراد کی تعداد 40 ہزار 111 تک جا پہنچی۔ مزید ایک مریض جاں بحق ہوا، مجموعی تعداد 457 تک پہنچ گئی۔ آزاد کشمیر میں مزید 25 افراد متاثر، تعداد 8 ہزار 631 ہوگئی۔ اموات کی مجموعی تعداد 241 پر برقرار ہے۔ گلگت بلتستان میں 2 نئے کیس رپورٹ، متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 884 پر برقرار ہے۔ مرنے والوں کی مجموعی تعداد 101 پر برقرار ہے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق کرونا وائرس کے باعث سیالکوٹ کے معروف جنرل فزیشن ڈاکٹر محمد عارف انتقال کر گئے۔ بتایا گیا ہے کہ چند روز قبل ڈاکٹر صاحب کی طبیعت خراج ہوئی اور جب ان کا ٹیسٹ کروایا گیا تو کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ ہسپتال داخل کروایا گیا جہاں وہ زیر علاج رہنے کے بعد انتقال کر گئے۔ ڈبلیو ایچ او کی ویکسین سے متعلق امیر ممالک پر تنقید کی ہے۔ دوسری طرف کرونا کیسز بڑھنے لگے جبکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں ایک فیصد کم ہو گئیں۔ ڈریپ نے چین کی سائنو فارم کرونا ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دیدی۔ ذرائع کے مطابق سائنو فارم نے بذریعہ این آئی ایچ اجازت نامے کیلئے درخواست دی تھی۔ سائنو فارم ویکسین چینی نیشنل میڈیکل پروڈکٹس ایڈمنسٹریشن سے رجسٹرڈ ہے۔ سائنو فارم کرونا ویکسین کی کامیابی کا مجموعی تناسب 79 فیصد ہے۔ ملک بھر میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کی وجہ سے دوسری مرتبہ بند ہونے والے تعلیمی ادارے تقریبا ً 2ماہ بعد دوبارہ کھلنے کا آغاز ہو گیا۔ پیر کو پہلے مرحلے میں تعلیمی ادارے کھولے گئے ہیں جس میں نویں سے بارہویں، او اور اے لیول کے طلبہ کو اداروں میں آنے کی اجازت ہے جس کے بعد یکم فروری سے پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلبہ کے لیے تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے جبکہ یکم فروری سے ہی جامعات اور دیگر اعلی تعلیم کے ادارے بھی کھل جائیں گے۔ لاہور سے سٹاف رپورٹر کے مطابق کرونا کے باعث اور سردیوں کی چھٹیوں کے بعد سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں سکینڈری اور ہائیر سکینڈری کی کلاسسز کا آغاز ہو گیا ہے پہلے روز طلباء کی بڑی تعداد تعلیمی اداروں میں پہنچی اور شدید سردی کے باوجود مجموعی طور پر حاضری کا تناسب 80فیصد کے قریب رہا۔ تفصیلات کے مطابق کالجوں میں فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر کی کلاسز کے طلباء کو بلایا گیا ہے۔ محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی ہدایت پر کالجوں میں 50 فیصد طلباء و طالبات کو متبادل دنوں میں بلایا گیا ہے۔ لاہور میں کرونا کے بڑھتے کیسز کے باعث مزید علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔ 17 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیاہے، لاہور میں 230 اے سے 233 اے کینال ویو سوسائٹی، گلی نمبر پی ڈی ای سی ایس ایس 2 سوسائٹی،23 ڈی ون سیکٹر ایف عسکری 10 ،نادرآباد، گلی نمبر 66 سیکٹر ای ڈی ایچ اے،گیلانی سٹریٹ، گلی نمبر 31 ٹو سیکٹر ون، مین سروس لین غازی روڈ سیکٹر فیز ٹو ڈی ایچ اے میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا۔ علاوہ ازیں گلی نمبر 35 سیکٹر زیڈ فیز تھری، مین سروس لین، خیابان اقبال، گلی نمبر 18 سیکٹر ایکس،گلی نمبر 14 فیز فائیو ڈی ایچ اے، مین سروس روڈ بلاک بی سوئی گیس سوسائٹی،لنک ٹو ایونیو 13 بلاک ایس فیز 7 ڈی ایچ اے، مکان نمبر 13 بی سے 16 بی جی او آر ٹو، مکان نمبر 679 سے 685 کریم بلاک، مکان نمبر 700 سے 703 کریم بلاک کا علاقہ شامل ہے۔ سیکرٹری پنجاب ہیلتھ کا مزید کہناتھا کہ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں شاپنگ مالز، دفاتر بند رہیں گے۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ لاہور میں کرونا کے مثبت آنے کی شرح سب سے زیادہ ہے۔ لیکن ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو سکول دوبارہ بند کرادیئے جائیں گے۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہا کہ560 نئے مریضوں کی گزشتہ روز تشخیص ہوئی اور گزشتہ روز 23 اموات کرونا سے ہوئی، ان کا کہنا تھا کہ کرونا میں 20 نئی لیبز بنائی گئی ہیں۔ ان کا مزید کہناتھا کہ ہر ڈسٹرکٹ میں ویکسین کی سٹوریج کے لیے کولڈ روم تیار کرلیا گیا۔ 76 ماسٹر ٹرینیرز ویکیسین کی ٹریننگ دیں گے۔ بھارت میں کرونا وائرس کی ویکسین لگوانے والا ہسپتال کا ملازم انتقال کر گیا بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اتر پردیش میں پیش آیا جہاں مراد آباد میں کرونا کی ویکسین لگوانے والا ہسپتال کا 46 سالہ ملازم اتوار کی شام انتقال کر گیا۔ بھارتی میڈیا کاک بتانا ہے کہ مرنے والا شخص ہسپتال میں وارڈ بوائے تھا جس نے 24 گھنٹے قبل کرونا وائرس کی ویکسین لگوائی تھی جس کی تصدیق مراد آباد کے چیف میڈیکل آفیسر کی جانب سے بھی کی گئی ہے ایک روز کے بعد ایک لاکھ 91 ہزار ہلتھ کیئر اور فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین دی جا چکی ہے۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق کرونا کی دوسری لہر میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے پر تین علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون لگا دیا گیا۔ علاقوں میں وزیر آباد، ماڈل ٹائون اور مدینہ کالونی کے علاقے شامل ہیں۔ بیکرز اور دودھ دہی کی دکانیں صبح 7سے لیکر شام 7بجے تک کھلی رہیں گی جبکہ ہسپتال اور میڈیکل سٹور 24گھنٹے کھلے رہیں گے۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے سکول کھلنے کے بعد روزانہ کی بنیاد پر کوویڈ ایس او پیز اور کیسز کی رپورٹ اپ لوڈ کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ صوبہ بھر کی ایجوکیشن اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔