لاہور(نیوز رپورٹر،خصوصی نامہ نگار، آئی این پی) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی آہوں اور سسکیوں کا تعلق براڈ شیٹ سے جڑا ہے۔ حکومت براڈشیٹ رپورٹ پبلک کر رہی ہے۔ جعلی راجکماری اور پرچی شہزادہ غور سے پڑھیں تو پتہ چل جائے گا کہ براڈشیٹ ظل سبحانی اور کرپٹ گٹھ جوڑ کے خلاف چارج شیٹ ہے۔ 2000 سے 2020 تک کی سیاہ کاریوں اور کرپشن کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعظم عمران خان نے کمیٹی بنا دی ہے۔باریاں لینے والوں نے قوم کے اربوں لوٹ کر دو مرتبہ این آر اولیا۔ جوں جوں ان کی کرپشن کے شاہکار بے نقاب ہوتے ہیں یہ لوگ سر جوڑ کر بیٹھ جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارمعاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پیر کو چیئرمین ریور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی راشد عزیز اور وائس چیئرمین لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایس ایم عمران کے ہمراہ 90شاہراہ قائد اعظم پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس۔ایم عمران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی جنگ مستقبل میں شروع نہیں ہوگی بلکہ یہ شروع ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14نالے دریائے راوی میں گر رہے ہیں جس سے یہ ایک ایک سیوریج نالہ بن گیا ہے۔ اس منصوبے کے بغیر لاہور میں 3 سے4 سال بعد رہنا نا ممکن ہو جائے گا۔پانی کی اہمیت کے پیش نظر وزیراعظم نے یہ منصوبہ شروع کیا ہے اور ہر ہفتے دو مرتبہ خصوصی اجلاس منعقد کر کے اس پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیاجاتا ہے۔ ایک ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کم مالی وسائل کے باوجود پاک فوج نے کارکردگی و صلاحیت کے باعث اپنا لوہا منوایا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ الحمدللہ، فوجی قوت میں پاکستان دنیا کا دسواں طاقتور ترین ملک بن گیا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دنیا کی بہترین 15 افواج میں پاک فوج کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا۔ پاکستان کے علاوہ کسی ملک کی رینکنگ میں ترقی نہ ہوئی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی ہر شاخ پر الو بیٹھا ہے۔ یہ الو اسی شاخ کو کاٹ رہے ہیں جس پر وہ بیٹھے ہیں۔ ناکام احتجاج کے بعد منافقین کے اس ٹولے کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی اور بدنام زمانہ اپوزیشن کو ہر بار عبرتناک رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پی ڈی ایم کی کشتی بیچ منجدھار غرق ہو چکی ہے۔ راجکماری، شہزادے اور مولانا کے چہرے شرمسار اور دل داغدار ہیں۔