جماعۃ الدعوۃ کے رہنماؤں پروفیسر ظفر اقبال‘ یحییٰ مجاہد کو ساڑھے 14‘14 برس قید

Jan 19, 2021

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) انسداد دہشت گردی عدالت نے جماعۃ الدعوۃ کے رہنماؤں کو مزید دو مقدمات میں ساڑھے 14، 14 سال قید کی سزائیں سنا دیں، اے ٹی سی کورٹ نمبر 1 کے جج ارشد حسین بھٹہ کی عدالت میں سی ٹی ڈی کی طرف سے لاہور اور سرگودھا میں درج مقدمات19/41 اور 19/23کی سماعت ہوئی جس میں گواہوں کے بیانات اور جرح مکمل ہونے کے بعد  سنایا گیا ہے۔ دونوں مقدمات میں جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر ظفر اقبال اور یحییٰ مجاہد کو ساڑھے 14،14 سال جبکہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کو 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ گوہوں کے بیانات پر حافظ محمد سعید ودیگر رہنماؤں کے وکیل نصیرالدین نیئر اور محمد عمران فضل گل ایڈووکیٹ کی طرف سے جرح کی گئی۔ اے ٹی سی کورٹ میں جماعۃ الدعوۃ کے رہنماؤں کو پیش کئے جانے کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت سے جماعۃ الدعوۃ کے رہنماؤں کو اس سے قبل بھی تین درجن سے زائد مقدمات میں سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔

مزیدخبریں