عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث لبنان میں ہسپتالوں میں کووڈ 19 کے مریضوں کے لیے گنجائش ختم ہو گئی ،آکسیجن کی عدم دستیابی کی وجہ سے مریضوں نے گھروں میں دم توڑنا شروع کردیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لبنان میں بیکٹیریاز و انفیکشن کے ماہر ڈاکٹروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں صورتحال مزید ابتر ہو جائے گی کیونکہ ہسپتالوں میں نئے مریضوں کے لیے جگہ موجود نہیں ۔ لبنان میں کورونا مریضوں کی تعداد ڈھائی لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔ نئے سال کے ابتدائی 17 دنوں میں کورونا وائرس کے 67 ہزار 655 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ نجی ہسپتالوں کی سینڈیکیٹ کے سربراہ سلیمان ہارون کا کہنا ہے کہ لبنان میں اس وقت بھی جو کچھ دکھائی دے رہا ہے وہ حقیقت سے کافی دور ہے کیونکہ صورتحال بہت زیادہ ابتر ہے۔انہوں نے بتایا ہے کہ اس وقت تمام ہسپتالوں نے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے لیکن اس کے باوجود مریضوں کے لیے بیڈز دستیاب نہیں ہیں جس کی وجہ سے مریض اور ان کے عزیز و اقارب ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال کی طرف بھاگ دوڑ کر رہے ہیں جو لاحاصل ثابت ہو رہی ہے۔ لبنان میں آئی سی یو کے ماہر ڈاکٹر جاروش نے کہا کہ جو کچھ دیکھ رہا ہوں اس کا تصور بھی نہیں کیا تھا، ایمرجنسی میں مریضوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں ۔آئی سی یو کے ماہر ڈاکٹر ویک جاروش کے مطابق اس وقت وہ تجربہ ہو رہا ہے کہ جس کے متعلق کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔انہوں نے کہا آکسیجن کی عدم دستیابی کے باعث کورونا مریض گھروں پر بھی موت کو گلے لگا رہے ہیں جب کہ کچھ نئے و پرانے آکسیجن جنٹریٹرز خریدنے کے لیے منتیں تک کررہے ہیں۔