وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد پی ڈی ایم کے احتجاج کی خود مانیٹرنگ کرتے رہے، وزارت داخلہ میں قائم کنٹرول روم میں شیخ رشید اور سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر سیکیورٹی انتظامات اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیتے رہے،وزیرداخلہ نے الیکشن کمیشن کا دورہ کر کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا،شیخ رشید آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر اسلام آباد کو براہ راست احکامات جاری کرتے رہے۔منگل کو پی ڈی ایم کی طرف سے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ انتہائی متحرک رہے،شیخ رشید احمد وزارت داخلہ میں قائم کنٹرول روم میں بیٹھ کر تمام صورتحال کا خود جائزہ لیتے رہے،وزیر داخلہ وزیراعظم عمران خان کو بھی لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ کرتے رہے جبکہ آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر اسلام آباد بھی وزیر داخلہ سے رابطے میں تھے۔ دوسری جانب وزیر داخلہ شیخ رشید نے احتجاج سے قبل الیکشن کمیشن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن سید مصطفی تنویر کی جانب سے وزیر داخلہ کو سیکیورٹی اور اہلکاروں کی تعیناتی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیر داخلہ سے پولیس اور رینجرز کے جوانوں سے ملاقات بھی کی اور موقع پر احکامات جاری کئے کہ قانون شکنی کی صورت میں کارروائی کی جائے جبکہ سرکاری عمارتوں کی ہر قیمت پر حفاظت کو یقینی بنایا جائے،وزیر داخلہ ریلی کے شرکاءکی تعداد کو بھی مانیٹر کرتے رہے اور اس حوالے سے مختل انٹیلی جنس رپورٹس بھی وزارت داخلہ کو موصول ہوئیں۔(اح+آچ)