بھارت کی مغربی ریاست گجرات میں فٹ پاتھ پر سوئے مہاجر مزدوروں پر منگل کے روز ٹرک چڑھ دوڑا جس کی وجہ سے کم از کم 13ہلاک جبکہ دیگر متعددزخمی ہوگئے ہیں۔گجرات کے صدرمقام گاندھی نگر کے 245کلومیٹر جنوب میں واقع گاں کوسامبا میں علی الصبح حادثہ پیش آیا۔پولیس عہدیدارنے کہا کہ آج علی الصبح ایک المناک حادثہ میں سامان سے لدا ٹرک اوپر چڑھنے کے باعث 13افراد ہلاک جبکہ چند دیگر زخمی ہوگئے ہیں، متاثرین فٹ پاتھ پر سورہے تھے۔پولیس نے متاثرین کی شناخت ریاست راجستھان سے آئے مہاجر مزدوروں کے طور پر کی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرک پہلے ایک ٹریکٹرکے ساتھ ٹکرایا، جس کے بعد ٹرک کے ڈرائیور نے اختیار کھو دیا، اور ٹرک فٹ پاتھ پر چڑھ گیا اور وہاں سوئے ہوئے لوگوں کوکچل ڈالا۔حادثہ کے بعد پولیس ٹیمز موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔لوک سبھا یا پارلیمان کے ایوان زیریں کے سپیکر اوم برلا نے حادثہ پر غم اور متاثرین کے خاندان کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔