لاہور(سپورٹس رپورٹر)حسیب خان کی 135رنز کی اننگز اور اویس علی کی چھ وکٹوں کی شاندار کارکردگی کے سبب انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے زمبابوے کو 115رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ویسٹ انڈیز میں جاری ایونٹ میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 315 رنز سکور کیے۔پاکستان کی جانب سے حسیب خان نے شاندار 135رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عرفان خان نے 75 رنز بنائے، زمبابوے کے ایلکس فلاونے 5 اور ڈویب نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں زمبابوین بیٹرز اویس علی کی عمدہ بائولنگ کے سامنے نہ ٹھہر سکے، پوری ٹیم 200 رنز بناکر پویلین پہنچ گئی، زمبابوین بیٹر برائن بینیٹ نے 83 رنز کے ساتھ مزاحمت کی۔پاکستان کی طرف سے اویس علی نے 56 رنز کے عوض 6 شکار کیے جبکہ ذیشان ضمیر اور احمد خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے حسیب خان چھٹے پاکستانی بیٹر بن گئے جنہوں نے انڈر 19ورلڈ کپ میں سنچری سکور کی۔انہوں نے زمبابوے کے خلاف 135رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی جس میں 10چوکے اور 4 چھکے لگائے تھے۔ان سے پہلے یہ اعزاز قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، امام الحق، بازید خان، حسن محسن اور عمر مسعود کے پاس تھا۔حسن محسن اور عمر مسعود نے 2016ء کے انڈر 19ورلڈ کپ میں سنچریاں بنائی تھیں۔قومی ٹیم کے موجودہ کھلاڑی امام الحق نے 2014ء کے ورلڈ کپ میں سنچری سکور کی تھی۔پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انڈر 19ورلڈ کپ میں دو بار سنچریاں بنائیں، پہلے سنچری 2010ء میں ہونے والے عالمی کپ میں بنائی تھی جبکہ دوسری 2012ء میں سکور کی تھی۔بازید خان قومی ٹیم کے پہلے کھلاڑی تھے جنہوں نے 1998ء میں ہونے والے انڈر 19 کے عالمی کپ میں سنچری بنائی تھی۔