لاہور (نیوز رپورٹر)وزیر قانون و پارلیمانی امور پنجاب محمد بشارت راجہ سے سری لنکا کے پاکستان میں اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ نے ان کے آفس میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ دلچسپی کے امور بالخصوص سیالکوٹ میں سری لنکا کے شہری پریانتھا کمار کے قتل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سری لنکاکے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ نے صوبائی وزیر سے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں آنجہانی پریانتھا کمار کے بارے میں تعزیتی قرارداد پیش کرنے پر آپ کے ممنون ہیں۔ پاکستان کی طرف سے سری لنکن حکومت کو کیس میں ہونے والی پیشرفت سے مسلسل آگاہ رکھا جا رہا ہے۔ بشارت راجہ نے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پریانتھا کمار کیس میں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے ذاتی دلچسپی لی اور روزانہ کی بنیاد پر اس میں پیشرفت جاری ہے۔ سیالکوٹ میں گھناؤنی حرکت کے مرتکب ملزم قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے اور انہیں عدالت سے قرار واقع سزا دلائی جائے گا۔