لاہور(نامہ نگار)سربراہ لاہور پولیس فیاض احمد دیونے کہا ہے کہ قبضہ گروپوں اور بدمعاشوں کی صوبائی دارلحکومت میں کوئی جگہ نہیں۔لاہور پولیس غریب شہریوں کی جمع پونجی سے خریدی گئی زمینوں جائیدادوں پر قبضہ مافیا،بدمعاشوں اور ان کے سرپرستوں کو ہر گز قابض نہیں ہونے دے گی۔لاہور پولیس نے رواں سال سولہ روز کے دوران 24 کنال سے زائد اراضی پر مشتمل کروڑوں روپے مالیت کی زمینوں جائیدادوں کے 24 قبضے واگذار کروا دیئے ہیں۔سی سی پی او لاہور فیاض احمد دیو کی ہدایت پرایس ایس پی ڈسپلن اعجاز رشید نے اوورسیز پاکستانی خاتون کا کروڑوں روپے مالیت کا گھر قبضہ گروپ سے واگذار کروا دیا۔ باغبانپورہ کے علاقے میں کامران نامی قبضہ گروپ نے اوورسیز پاکستانی خاتون زریاب ناز سے گھر کرائے پر لیا۔کچھ عرصہ بعد ملزمان نے خاتون کے کروڑوں روپے مالیت کے گھر پر قبضہ کر لیا۔ملزمان عرصہ دراز سے خاتون کو ہراساں کر رہے تھے،نہ ہی گھر کا رینٹ دے رہے تھے اور نہ ہی گھر خالی کر رہے تھے۔اوورسیز خاتون زریاب ناز نے دادرسی کیلئے سی سی پی او لاہور فیاض احمد دیو کو ان کے دفتر میں تحریری درخواست دی۔قبضہ واگزار کروانے پر اوورسیز پاکستانی نایاب ناز نے ایس ایس پی ڈسپلن اعجاز رشید سے ملاقات کی۔اوور سیز خاتون نے ریکارڈ ٹائم میں دادرسی اور انصاف کی فراہمی پر لاہور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔