کولہے اور گھٹنے کی سرجری کا مقصدجوڑوں کی بحالی ہے،ماہرین

Jan 19, 2022


کراچی(نیوز رپورٹر) پاکستان آرتھروپلاسٹی سوسائٹی نے پاکستان آرتھوپیڈک ایسوسی ایشن کے تعاون سے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں’’22ویں پرائمری ٹوٹل ہپ آرتھروپلاسٹی لائیو سرجری اور 26ویں پرائمری ٹوٹل نی آرتھروپلاسٹی لائیو سرجری ورکشاپس‘‘ کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر اور جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول  نے ان معلوماتی ورکشاپس کے انعقاد پر طبی ماہرین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گھٹنے اور کولہے کی سرجری کا مقصد جوڑوں کے ان حصوں کو بحال کرنا ہے جنہیں نقصان پہنچ چکا ہو اور اس درد کو دور کرنے کے لیے بھی جسے دوسرے علاج سے کنٹرول نہیں کیا جا سکتا ہو۔ ورکشاپس میں کراچی، لاہور، فیصل آباد، جامشورو، حیدرآباد، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹھٹھہ اور میرپورخاص سے کل چالیس (40) شرکاء نے شرکت کی۔ کولہے اور گھٹنے کی آرتھروپلاسٹی لائیو سرجری ورکشاپ کے کورس چیئرمین جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے شعبہ آرتھوپیڈکس کے سابق سربراہ پروفیسر غلام محبوب جبکہ کورس کے شریک چیئرمین پروفیسر انیس الدین بھٹی اور پروفیسر اے آر جمالی تھے۔ پروفیسر سید شاہد نور نے کورس کے مقاصد پر گفتگو کی اورشرکاء کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کیا۔ لیاقت نیشنل اسپتال سے پروفیسر انتخاب توفیق، انڈس اسپتال سے پروفیسر امین چنائے، پروفیسر منصور علی خان اورڈاکٹرعلی انور جیلانی، آغا خان یونیورسٹی سے ڈاکٹر مسعود عمر اورڈاکٹر مجاہد جمیل، جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر سے ڈاکٹر کاشف محمود، ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے شعبہ اارتھوپیڈکس کے سابق سربراہ پروفیسر مراتب علی، ڈاکٹر رضا عسکری، خالد کریم اور ڈاکٹر عرفان رائو و دیگر نے بھی ورکشاپس میں شرکت کی۔

مزیدخبریں