اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینزکی مرکزی اطلاعات سیکریٹری ورکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ فارن ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کی شفافیت کابھانڈا پھوٹ چکا ہے، ممنوعہ اکاؤنٹس سے پی ٹی آئی کو فنڈ کیا گیا تھا اور اب پول کھلنے پر جھوٹ بولا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار آج انہوں نے پی ٹی آئی کے فرخ حبیب کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کیا۔ شازیہ مری نے اپنے بیان میں کہا کہ شوکت خانم اسپتال کے نام پر امریکہ میں ہندوستانیوں نے جو پیسے دیئے انکے چیک پی ٹی آئی کے نام پر لکھوائے گئے اورپی ٹی آئی نے ہسپتال چندے کے پیسوں میں بھی فراڈ کیا اور پارٹی پر پیسہ لگایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکبر ایس بابر پی ٹی آئی کے بنیادی رکن ہیں اس لئیے وہ انکے سب راز جانتے ہیں جبکہ عمران خان نیازی حقائق اور سچ چھپانے میں مہارت رکھتے ہیں ،حقائق سامنے آنے کے بعد نیازی اینڈ کمپنی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز نے تمام رکارڈ الیکشن کمیشن کو فراہم کردیا ہے جبکہ اقتدار میں آنے کے بعد عمران نیازی کے اثاثوں میں اضافہ بھی سوالیہ نشان ہے اور جن لوگوں نے عمران خان کو ووٹ دیا وہ اب انہیں بد دعائیں دے رہے ہیں ،سب کو رلانے کی بات کرنے والے کے خود رونے کا وقت قریب آ چکا ہے۔