اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ میں سری لنکا سے سزایافتہ پاکستانیوں کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ کیس جسٹس عامر فاروق نے سنا۔ سماعت کے دوران وزارت داخلہ اور قیدیوں کی جانب سے دائر کی گئی درخواستوں کی ایک ساتھ سماعت کا حکم دیتے ہوئے اگلی تاریخ 20 جنوری مقرر کی گئی ہے۔ قیدیوں کی نمائندگی ایڈووکیٹ سلیمان اے زیب اور جگنو کاظمی نے کی۔ ان درخواستوں میں سری لنکا کی عدالتوں کی جانب سے دی گئی سزاوں پرپاکستانی قوانین کے مطابق نظرثانی کی استدعا کی گئی ہے۔نومبر 2020 میں قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت سری لنکا سے سزایافتہ 41 پاکستانی واپس آئے تھے۔ وزارت داخلہ نے سزاوں پر نظر ثانی کے لیے ان قیدیوں کے مقدمات انسداد منشیات کی خصوصی عدالتوں کو بھیجے تھے جن کے فیصلوں سے متعلق درخواستوں کی سماعت اس وقت اسلام آباد ہائی کورٹ میں جاری ہے۔