لاہور ( خصوصی نامہ نگار) پنجاب قرآن بورڈ کے چیئرمین مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ قرآن پاک کی حرمت اور تقدس کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب حکومت پوری طرح مستعد ہے۔ "حرمتِ قرآن ایپ"کی تشکیل حکومت کا ایک مستحسن قدم ہے، جس کے لیے پنجاب قرآن بورڈ اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سرگرمِ عمل ہے۔ قرآن پاک کی معیاری طباعت اور اغلاط سے مبرا اشاعت کے لئے ہر ممکن اقدام کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ نسلِ نو کی ہدایت اور راہنمائی کے لیے قرآنی علوم و معارف کی ترویج لازم ہے، جس کے لیے مؤثر لائحہ عمل تشکیل دے دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سکولوں اور کالجوں میں متفقہ اور معیاری ترجمہ قرآن کے اہتمام کے لیے پنجاب قرآن بورڈ ضروری راہنمائی فراہم کر رہا ہے۔ وہ پنجاب قرآن بورڈ کے50ویں سالانہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اس موقع پرپنجاب قرآن بورڈ کے ممبر حافظ عمار یاسر،سیکرٹری اوقاف میاں ابرار احمد، ڈائریکٹر جنرل اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری،چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، ڈاکٹر محمد حسین اکبر،ڈاکٹرعبدالغفور راشد، ڈاکٹرقاری احمد میاں تھانوی،صاحبزادہ عبدالمصطفیٰ ہزاروی، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، ناظم الدین سمیت پنجاب قرآن بورڈ کے دیگر ممبران اور مختلف سرکاری محکمہ جات کے نمائندگان نے شرکت کی۔
’’حرمت قرآن ایپ‘‘کی تشکیل حکومت کا مستحسن قدم ہے، قاری حنیف
Jan 19, 2023