لاہور(سپورٹس رپورٹر)دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے سکواش لیجنڈ جہانگیر خان پاکستان سکواش کی حالیہ کارکردگی پر برس پڑے اور کہا کہ سکواش کی موجودہ صورتحال پر شرم آتی ہے، فیڈریشن کے آفیشلز کو کھیل کا کوئی علم نہیں۔ سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری کے کوچ بن کر جانے پر حیرانگی ہے، کھیل کو مذاق بنادیا گیا ہے۔ برٹش جونیئر اور ایشین ٹیم چیمپئن شپ کے رزلٹ سب کے سامنے ہیں، یہ معیار آگیا کہ جنہیں سکواش سکھائی وہ ہمیں ہرا رہے ہیں۔ باتیں کرنے سے سکواش بہتری کی جانب نہیں جائے گا اس کیلئے عملی اقدامات کرنے پڑتے ہیں۔ یہ ایک فل ٹائم جاب ہے اور پروفیشنل لوگ ہی اس کو چلاسکتے ہیں، دنیا بھر سے کالز آتی ہیں کہ آپ کے سکواش پلیئرز کو کیا ہوگیا ہے۔