لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں معذور افراد کے لیے سہولیات کی فراہمی اور قانون پر عمل درآمد کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالتی حکم پر سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے روڈ میپ عدالت میں پیش کردیا۔ عدالت نے روڈ میپ کے مطابق عمل درآمد رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت یکم فروری تک ملتوی کردی۔ جسٹس جواد حسن نے کیس کی سماعت کی۔ سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے عدالت کو بتایا کہ معذور افراد کے مقدمات کی سماعت کیلئے خصوصی عدالتیں قائم کردی گئی ہیں۔ عدالتی حکم کے مطابق قانون بنایا گیا جس پر عمل درآمد کا روڈ میپ بھی مرتب کرلیا۔ درخواست گزار جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے وکیل اظہر صدیق نے دلائل دئیے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ عدالتی حکم پر معذور افراد کے حقوق کے تحفظ کا قانون منظور ہوگیا مگر عمل درآمد نہیں ہورہا۔ قانون میں معذور افراد کا سرکاری نوکریوں میں تین فیصد کوٹہ مختص ہے۔
ہائیکورٹ: پنجاب میں معذور افراد کیلئے سہولتوں کی فراہمی، قانون پر عملدرآمد رپورٹ طلب
Jan 19, 2023