بروقت قدم نہ اٹھایا تو ملک بدنظمی ،معاشی تباہی کی طرف چلا جائیگا: شیخ رشید 


لاہور ( این این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ وسابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں صرف 35 استعفے منظور کرنے سے حکمرانوں کی نام نہاد جمہوریت بے نقاب ہو گئی ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جو سپیکر کہتا تھا میں ایک ایک کا استعفی منظور کروں گا اس نے 35 استعفے منظور کر کے (ن) لیگ کی خوفزدہ قیادت کو بے نقاب کر دیا ہے، عمران خان نے اسمبلیوں میں جانے کا نام لیا تو ان کے چھکے چھوٹ گئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے 35ممبروں کا استعفیٰ الیکشن کمیشن سے منظور کرا کے خود کو مزید گندہ اور پراگندہ بنا دیا ہے، حکمران جو مرضی چال چل لیں حالات کی سنگینی ایسی ہے کہ الیکشن کے سوا کوئی چارہ نہیں، جس طرح ملک تباہی کی طرف جارہا ہے اگر بروقت قدم نہ اٹھایا تو یہ ملک بدنظمی اور معاشی تباہی کی طرف چلا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن