بلدیاتی نتائج کیخلاف جماعت اسلامی خواتین کا لبرٹی چوک میں مظاہرہ

Jan 19, 2023


لاہور (خصوصی نامہ نگار) کراچی میں انتخابی نتائج میں مبینہ ردوبدل اور دھاندلی کیخلاف سراج الحق کی اپیل پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام لبرٹی چوک میں مظاہرہ کیاگیا۔ قیادت ڈپٹی سیکرٹری خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید، ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر حمیرا طارق، ناظمہ لاہور عظمیٰ طارق اور ڈائریکٹر امور خارجہ ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کی۔ لیاقت بلوچ نے خصوصی شرکت و خطاب کیا۔ ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور عامر نثار خان، مرزا عبدالرشید، صدر جے آئی یوتھ لاہور جبران بٹ، امیر جنوبی لاہور اظہر بلال، صدر رابطہ خواتین لاہور وسیم اسلم قریشی سمیت بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں نے شرکت کی اور سندھ حکومت کے کراچی کی عوام کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے کے خلاف نعرے بازی کی۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری نے مظاہرین سے خطاب کرتے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے والے ملک و قوم کے مجرم ہیں۔ کراچی کی عوام کا مینڈیٹ چرانے کی سازش بے نقاب ہوچکی ہے۔ الیکشن کمیشن کی سندھ حکومت کیساتھ ملی بھگت اور دھاندلی قابل مذمت ہے۔ الیکشن کمیشن کے فارم 11 کے مطابق 6 مزید نشستوں کا نتیجہ باقی ہے جو عوامی جدوجہد کے ذریعے لے کر چھوڑیں گے۔ الیکشن کمیشن مزید 6 نشستوں کے نتائج قوم کے سامنے لائے۔6 یوسز کے نتائج پریذائیڈنگ آفیسر کے دستخط شدہ فارم ہماری فتح کا ثبوت ہے۔ کراچی کی طرح لاہور میں بھی آئندہ انتخابات میں مخالفین کو سپرائز دیں گے۔ جماعت اسلامی لاہور پرسوں 21 جنوری کو کمر توڑ مہنگائی، آٹا سمیت اشیاء ضروریہ کی قلت کے خلاف سراج الحق کی قیاد ت میں مسجد شہداء سے پنجاب اسمبلی تک مہنگائی مارچ کریگی۔

مزیدخبریں