کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی یونین آف جرنلسٹس نے کیماڑی میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے تصادم میں میڈیا نمائندوں کے زخمی ہونے کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے واقعات میں میڈیا نمائندوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر شاہد اقبال اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کیماڑی میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے دفتر کے باہر پاکستان پپپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تصادم میں دونوں طرف سے ایک دوسرے پر پتھراو کیا گیا اس تصادم کے تتیجے میں کئی رپورٹرز اور کیمرہ مین پتھر لگنے سے زخمی ہوئے جس میں دنیا نیوز کے کیمرہ مین فرحان احمد اور رپورٹر علی مہدی بھی شامل ہیں دونوں سر پر پتھر لگنے سے شدید زخمی ہوئے اور دونوں کو فوری طور پر علاج کی غرض سے قریبی اسپتال پہنچایا گیا بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ ایک طرف سیاسی جماعتوں کے عدم برداشت کے کردار کی عکاسی کرتا ہے تو دوسری طرف سندھ حکومت کی بھی ناکامی ہے کہ وہ امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی کے یو جے نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے میں ملوث افراد بے شک ان کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔ کے یو جے نے واقعے کا مقدمہ درج کرنے اور ملزمان کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا ہے