کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری نے کہا ہے کہ ضد بہت بری شے ہے،ضد نمرود کو بھی لے ڈوبی،نمرود نے اللہ پاک کی نافرمانی کی،اپنی ضد پر اڑا رہا،بالآخر اللہ پاک کا اس پر عذاب نازل ہوا، شیطان بھی اپنی ضد کی وجہ سے ہلاک ہوا،اس کو معلوم تھا کہ وہ غلط ہے مگر وہ بھی اپنی ضد پر اڑا رہا،اسکی ہزاروں سال کی عبادت برباد ہوگئی اور وہ مردود ہوگیا۔ابو جہل نے بھی دین حق کی مخالفت کی،اپنی سرداری بچانے کیلئے ضد پر اڑا رہا جب مرا تو سرکار ﷺ نے سجدہ شکر ادا کیا۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہونے والے ہفتہ وارمدنی مذاکرے میں مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ ضد بری بلا ہے،ضد نہیں کرنا چاہئے اپنی بات کو ہمیشہ درست تصور نہ کیا جائے،آپ کی رائے درست ہو یہ ضروری نہیں، اگر کسی کو سمجھانا ہے تو اندازحکیمانہ اور مبلغانا ہو تو بات سمجھ میں آجانے کی امید ہے البتہ انداز جارحانہ ہوگا تو بات سمجھ نہیں آئے،ضد آجائے گی،عام طور پر لوگ جارحانہ انداز اختیار کرتے ہیں،اگر سمجھانے والا طاقتور ہو تو سمجھنے والا خاموش ہوجاتا ہے مگر وہ مطمئن نہیں ہوتا۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ کسی کی ذلت کے ساتھ اپنی عزت کو جوڑ دینا یہ بھی خطر ناک ہے،کسی کو نیچا دکھا کر،نظر انداز کرکے آگے نکل جائیں،عزت والے ہوجائیں،اگر بظاہر اس طرح عزت مل بھی گئی مگر ایسی عزت زیادہ دیرپا نہیں ہوتی،یادرکھیں عزت اور ذلت اللہ پاک کے دست قدرت میں ہے،کسی کو برا بول کر اپنی عزت کو داؤ پر نہ لگائیں،عزت اور ذلت دینے والا اللہ پاک ہے۔
کسی کی ذلت کو اپنی عزت کیساتھ جوڑ نااچھا نہیں، علامہ الیاس قادری
Jan 19, 2023