پرویز الہی نے کہا تھا اسمبلی نہیں توڑنا چاہتا گورنر راج  کا کبھی نہیں سوچا : بلیغ الرحمن

Jan 19, 2023


لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر+ این این آئی) گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ گورنر راج کا کبھی نہیں سوچا۔ نواز شریف ایک ماہ میں پاکستان آ رہے ہیں۔ نواز شریف  کا استقبال کرنے خود ائر پورٹ جاؤں گا۔ مریم نواز بھی ایک ہفتے میں پاکستان آ جائیں گی۔ پرویز الٰہی نے ون ٹو ون ملاقات میں مجھ سے خود کہا تھا کہ اسمبلی نہیں توڑنا چاہتے اور کہا تھا کہ عمران خان کو قائل کر لیں گے۔  گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے صوبے میں ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ گورنر پنجاب نے صوبے کے بلدیاتی نظام کو چلانے کے لئے کیبنٹ کمیٹی کی منظوری کے بعد گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرنے کے احکامات دیئے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022ء کے تحت ایڈمنسٹریٹرز بحال کیے گئے ہیں، بلدیات کے تمام تر اختیارات بیوروکریسی کے سپرد کردیے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کی 11میٹروپولیٹن کارپوریشنز کے سربراہ کمشنر ہوں گے، سیمی اربن علاقوں کی 11ڈسٹرکٹ کونسلز کے سربراہ ڈپٹی کمشنرز ہوں گے۔ دیہاتی علاقوں کی 30ڈسٹرکٹ کونسلزکے ایڈمنسٹریٹرز بھی ڈپٹی کمشنرز ہوں گے جبکہ یونین کونسلز کے سربراہ متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ہوں گے۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ جمہوریت کی بقاء کے لیے مشکل فیصلے کررہے ہیں۔ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر قدم اٹھائیں گے۔ علاقائی صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اپنا کردار ضرور ادا کریں گے۔ علاقائی صحافیوں کی ہیلتھ انشورنس وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نگران وزیراعلیٰ کیلئے پرویز الٰہی اور ملک احمد خان سے بات کی دونوں نے ایک دوسرے کے نام مسترد کر دیئے۔ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔
گورنر

مزیدخبریں