ملک میں غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں :حاجی علی احمد 

شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)انجمن تاجران سبزی و فروٹ منڈی کے رہنما حاجی علی احمد نے کہا ہے کہ معاشرتی اصلاح اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے جن عملی اقدامات کی ضرورت ہے ان کے فقدان کے باعث شہری مسلسل محرومیوں اور دشواریوں کا شکار ہیں جن کے تدارک کیلئے حکومت اور متعلقہ اداروں و محکموں کے حکام کو مربوط اقدامات اٹھانا ہوں گے تاکہ شہریوں کے مسائل فوری حل ہوسکیں اور عوام کو ریلیف کی فراہمی ممکن ہوسکے، اپنے ایک بیان میں حاجی علی احمد نے کہا کہ ملک میں غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں غریب طبقہ غریب تر اور امیر طبقہ امیر تر ہوتا جارہا ہے یہ معاشرتی تفریق کسی صورت مناسب نہیں معاشی مسائل زدہ افراد کو اوپر لانے کی اشد ضرورت ہے جس کیلئے موثر اقدامات فوری اٹھائے جانے چاہئیں، انہوں نے کہا کہ عوام میں پائی جانیوالی مایوسی کا خاتمہ عام آدمی کی زندگی میں آسانیاں پیدا کئے بغیر ممکن نہیں حکومت کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات کو بھی اس سلسلہ میں کردار ادا کرنا ہوگا اور مسائل زدہ عوام کی درپیش مشکلات کے حل کی خاطر بے لوث خدمات سرانجام دینا ہوں گی۔

ای پیپر دی نیشن