اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے مستقل شراکت داروں سپین اور یورپی یونین کے کردار کو سراہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سوئٹزرلینڈکے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر سپین کے ہم منصب Jose Manuel Albares Bueno سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیرخارجہ نے حال ہی میں جنیوا میں موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں سپین اور یورپی یونین کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈیووس میں اس موقع پر ایک اور ملاقات میں وزیرخارجہ اور عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین پروفیسر Klaus Schwab نے پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنانے اور بین الاقوامی تعاون کو بڑھانے کا جائزہ لیا۔ وزیرخارجہ نے عالمی اقتصادی فورم کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلق پر Klaus Schwab کا شکریہ ادا کیا۔ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیرخاجہ نے کہا کہ پروفیسر کلاز شواب سے مل کر خوشی ہوئی۔ وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے ڈیووس میں سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کی یہ ملاقات ڈیووس معاشی کانفرنس کی سائیڈ لائن پر ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے پاک سعودیہ تعلقات مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔ علاقائی‘ عالمی امن مضبوط کرنے کی مشترکہ کوششوں پر گفتگو کی۔
بلاول/ ملاقات